فاروق احمد انصاری
پہلے کسی سیلیبریٹی کی ایک جھلک دیکھنے اور آٹوگراف دیکھنے کیلئے کئی جتن کرنے پڑتے تھے لیکن جب سے انٹرنیٹ کا طوفان آیاہے اور سوشل میڈیا کا خمار چھایا ہے اب ان فلمی ستاروںا ور اداکاروں کی مصروفیات کا پتہ چلانا ، ان کے بارے میں رائے کا اظہار کرنا اور ان کو فالو کرنا چنداں مشکل نہیں رہا۔
اب لوگ آٹوگراف نہیں ، فوٹو گراف لیتے ہیں اور اپنی سیلفیوں کو سب کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔ عام افراد ہی نہیں بڑے بڑے فلمی ستاروں اورسیاسی اداکاروں کو ٹویٹر اور انسٹا گرام پر اپنی موجود گی کو یقینی بنانا ہوتا ہے اور پھر یہ جنگ چھڑجاتی ہے کہ کس ستارے کے پرستار سب سے زیادہ ہیں۔
انٹرنیٹ پر ان سیلیبریٹیز کی اصل آئی ڈی ڈھونڈنا بھی کوئی آسان کا م نہیں ہوتا اسی لیے ہم نے انٹرنیٹ پر سب سےفالو و کی جانے والی پاکستانی سیلیبریٹیز کے بارے میں جاننے کیلئے انٹرنیٹ کا ہی سہارا لیا۔ ہو سکتا ہے اس تحریر کے شائع ہونے تک ان کے اعدادوشمار تبدیل ہوچکے ہوں، تاہم یہ بات طے ہے کہ ان کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں ہے ۔
عاطف اسلم
متعدد بالی ووڈ فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کے سوشل میڈیا پر2کروڑ سے زائد فالوؤرز ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں نے بابل سپریو کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں پابندی عائد کیے جانے کے مطالبے کی وجہ سے 23مارچ کو ریلیز ہونے والی فلم ’’داس دیو‘‘ گانے کی تشہیر کرنے سے انکار کردیا۔ ان کے اس اقدام کو سراہا جارہاہے۔ عاطف اسلم کے کریز کی ہم چشم دید گواہ ہیں۔ بہرحال ، عاطف اسلم نئے دور کا وہ ستارہ ہے جب تک جھلملائے گا ہر بار ایک نیا سُر سامنے آئے گااور اس کا جادو سر چڑھ کر بولے گا۔
ماہرہ خان
اگر پاکستان کی فیشن کوئین کی بات کی جائے تو ماہرہ خان کا نام لینا غلط نہیں ہوگا۔ ماہرہ خان دیسی یا بدیسی ہر لباس میں انتہائی حسین دکھتی ہیں۔پاکستان کی خواتین ماہرہ خان کے دیدہ زیب فیشن اور اسٹائلز سے متاثر تو ہیں ہی، ساتھ ہی ان کے اسٹائل کو فالو بھی کرتی ہیں۔ فیشن انڈسٹری کے سبھی بڑے نام ماہرہ کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔اداکارہ نے حال ہی میں بھارتی فیشن برانڈ کے لیے فوٹو شوٹ کرایا۔ ساحل سمندر پر بھاری عروسی جوڑے میں ماہرہ کا ہر انداز جدا اور بہت ہی خوب صورت نظر آرہا ہے۔ماہرہ خان کے فالوورز کی تعداد2ملین سے زائد ہے ۔
ماورا حسین
ماورا حسین کےسوشل میڈیاپر چاہنے والوں کی تعداد بھی تقریباََ 2 ملین ہے۔ اپنی پہلی ہندی فلم ’’ صنم تیری قسم ‘‘ کی دوسری سالگرہ منار ہی ہیں اور آج بھی سوشل میڈیا پر اس کا جادو سر چڑھ کر بول رہاہے ۔ماورا کرسٹیانو رونالڈو ، رنبیر کپور اور اپنے کو اسٹار ہرش وردن رانے کو اپنی نظر میں سب سے اسمارٹ سمجھتی ہیں۔ اتنی پراعتماد ہیں کہ اپنی سیلفی بنا کسی میک اپ کے بھی شیئر کردیتی ہیں۔
علی ظفر
بالی ووڈ میں کئی کامیاب اور ناکام فلموںمیں کام کرنے کےبعد علی ظفر اپنی پہلی پاکستانی فلم ’طیفا ان ٹربل ‘ میں جلوہ گر ہونے والے ہیں جو جیاعلی کی بھی پہلی پاکستانی فلم ہے۔س فلم کے بھی عیدالفطر پر ریلیز ہونے کی امیدیں ہیں۔ اس فلم کو احسن رحیم ڈائیریکٹ کررہے ہیں ۔ علی ظفر اور مایا علی کی کیمسٹری ہم لکس اسٹائل ایوراڈکے اسٹیج پرفارمنس میں دیکھ چکے ہیں جہاں دونوں نے پہلی بار ایک دوسرے کے ساتھ پرفارم کیا تھا۔ اس فلم میں علی ظفر طیفا کا کردار ادا کررہے ہیں اور کہا جارہاہے اس جیسی فلم ا سے قبل پاکستان میں نہیں بنی۔ اس فلم میں ماردھاڑ، پیار، رومانس اور ڈانس سب کچھ ہے۔ علی ظفر کے فالوورز کی تعدا د 2ملین کے قریب ہے۔
فواد خان
فواد خان سوشل میڈیا پر زیادہ دھیان نہیں دیتے اسی لیے حیرت انگیز طور پر ان کے فالوورز کی تعداد 12لاکھ کے قریب ہے ، آج کل ’’ مولا جٹ ‘‘ کے ری میک میں مصروف ہیں۔ ان کو آج کا وحید مراد کہیں تو بے جانہ ہوگا کیونکہ فواد خان کا کریز بھی کسی سے کم نہیں ہے۔ کپور اینڈ سنز کے بعد فواد نے ’ اے دل ہے مشکل ‘ سے کافی جواں دلوں کو مشکل میں ڈال دیا تھا۔کافی ود کرن میں ٹوئنکل کھنہ جب اپنے شوہر اکشے کمار کے ساتھ تھیں اور کرن کے پوچھنے پر کہ تینوں خانوں میں سے وہ کس کو بہتر مانتی ہیں، ٹوئنکل نے کہا: 'اس لسٹ میں ایک اور خان 'فوادکا نام شامل کر لو اور پھر بتاؤ کہ تمہیں کون پسند ہے؟ فوادخا ن واقعی آج کا سنسیشن ہے۔
ایمان علی
پاکستان کی معروف ماڈل و اداکارہ ایمان علی آج کل ایک بولڈ فوٹو شوٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا اپر اپنے فینز کی جانب سے تنقید کا شکار ہیں ۔ـ ’خدا کیلئے،بول اور ماہ میر‘ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ ایمان علی کے فالوورز کی تعداد بھی لاکھوں میں ہے۔ آج کل ایک فلم پروڈکشن میں مصروف ہیں جس کی ڈائریکشن شعیب منصور کی جانب سے دی جانے کی شنید ہے۔
مہوش حیات
سوشل میڈیا پراور سینما تشریف لانے والے اپنے لاکھوں فینز کو انہوں نے ’پنجاب نہیں جائوں گی‘ سے مایوس نہیں کیا ہے۔ مہوش اب رونے دھونے والے کرداروں سے ہٹ کر کام کررہیں اور فیشن انڈسٹری کیلئے بھی فرسٹ چوائس بنتی جارہی ہیں، لیکن ابھی ان کے سامنے آسماں اور بھی ہیں۔