• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مظاہرین کیخلاف دہشتگردی کے مقدمے پر واٹر کمیشن برہم

مظاہرین کیخلاف دہشتگردی کے مقدمے پر واٹر کمیشن برہم

جامشورو تھرمل پاور ہاؤس کے زہریلے پانی سے متاثرہ شہریوں کی جانب سے احتجاج کرنے پر ان کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔

اس صورت حال پر سندھ ہائی کورٹ میں قائم واٹر کمیشن نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری انرجی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی جامشورو اور متعلقین کو 20مارچ کو طلب کرلیا ہے۔

جمعے کو کمیشن کی سماعت کے دوران سی ای او تھرمل پاور ہاوس جامشورو قادر میمن، ڈپٹی کمشنر اور دیگر پیش ہوئے۔

کمیشن نے سی ای او قادر میمن سے سوال کیا کہ تحمل پاور کا گندا پانی کہاں جا رہا ہے؟

سی ای او نے جواب دیا کہ ہمارا گندا پانی نہر میں جا رہا ہے۔

کمیشن نے کہا کہ لوگ مر رہے ہیں، کوئی خیال نہیں، جو لوگ زہریلا پانی زمینوں پر آنے کا اعتراض کرتے ہیں، انہیں دہشت گردی کے مقدمات میں بند کرا رہے ہو۔

کمیشن کے استفسار پر ڈپٹی کمشنر نے تصدیق کی کہ تھرمل پاور کا گندا پانی زرعی زمینوں میں جا رہا ہے۔

اس پر سی ای او تھرمل پاور ہاؤس جامشورو قادر میمن نے جواب دیا کہ نہر میں ڈالا جانے والا پانی خراب نہیں ہے۔

سی ای او کو مخاطب کرتے ہوئے کمیشن نے کہا کہ آپ کا کام بھی قومی مفاد کا ہے تو عوام کی جان بھی بہت قیمتی ہے۔

تھرمل پاور جامشورو کا گندا پانی زرعی زمینوں میں چھوڑنے کی شکایت موصول ہوئی تھی، کمیشن کے حکم پر ڈپٹی کمشنر نے رپورٹ جمع کرا دی ہے۔

سی ای او سے کمیشن نے استفسار کیا کہ وہ کس منسٹری کے تحت کام کرتے ہیں؟

سی ای او نے جواب دیا کہ وہ منسٹری آف انرجی کے تحت کام کررہے ہیں۔

اس دوران تھرمل پاور کے ایک کنٹریکٹر نے کمیشن کو ازخود بتانا شروع کردیا کہ پانی کا نالہ 1990ء سے چل رہا ہے۔

اس پر کمیشن نے اس کی حیثیت کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ اگر 1990ء سے لوگوں کو زہر دے رہے ہیں تو آج بھی دیتے رہیں گے؟

کمیشن نے وفاقی سیکریٹری انرجی اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان کو 20 مارچ کو آئندہ سماعت میں پیش ہونے کو حکم دیا اور اسی روز ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جی حیدر آباد، ایس ایس پی جامشورو کو بھی طلب کرتے ہوئے تھرمل پاور کی شکایت پر درج مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

تازہ ترین