اسلام آباد (این این آئی)امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سینیٹ کا متفقہ چیئرمین نہ آیاتوسیاسی بحران میں اضافہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں رضا ربانی نے اعتماد کرنے پر شکر یہ ادا کیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیلی فونک رابطہ کے دوران دونوں رہنمائوں کے درمیان موجودہ سیاسی صورت حال ، سینیٹ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر رضا ربانی نے کہا کہ میرے حوالے سے اس قدر اعتماد کرنے پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کوشش کی کہ بطور چیئرمین سینیٹ تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں ٗ تین سالہ دور میں قانون و ضوابط کے مطابق سینیٹ کو چلایا ۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سینیٹ کا متفقہ چیئرمین نہ آیا تو سیاسی بحران میں اضافہ ہو گا۔پاکستان اور جمہوریت کو انتشار سے بچانے کیلئے آپ کا نام پیش کیا۔