• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بدھ کو پانچ روزہ نجی دورے پر امریکا جائینگے

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بدھ کو پانچ روزہ نجی دورے پر امریکا جا رہے ہیں۔ ’’جنگ /دی نیوز‘‘ کے خصوصی سنٹرل رپورٹنگ سیل کو حد درجہ قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عباسی جنہوں نے گزشتہ سال اگست میں وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ایک دن کیلئے بھی رخصت نہیں لی اور وہ ہر ہفتے اور اتوار کی سرکاری تعطیل کے باوجود اپنی دفتری ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مصروف رہتے ہیں، اب امریکی ریاست پنسلوانیا جارہے ہیں جہاں انکی چھوٹی بہن افشاں عباسی کا آپریشن شاہد عباسی کی آمد کے دوسرے روز ہو گا، وہ انکی نگہداشت کیلئے اسپتال میں خود موجود رہیں گے، 56سالہ افشاں عباسی کے شوہر ریاست کے معروف معالج ہیں۔ توقع ہے کہ شاہد عباسی کی دوسری بہن سینیٹر سعدیہ عباسی سینیٹ کی مصروفیات سے فارغ ہونے کے بعد امریکا جائیں گی، انہیں امریکی شہریت ترک کرنے کے بعد اب نیا پاکستانی پاسپورٹ بنوانا ہو گا اور امریکا جانے کیلئے ویزا بھی حاصل کرنا ہو گا۔ جسکی وجہ سے وہ اپنی بہن کے آپریشن کے موقع پر موجود نہیں ہونگی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کمرشل طیارے کے ذریعے امریکا کا سفر کرینگے جسکے تمام تر اخراجات وہ خود برداشت کرینگے، انکا مختصر ذاتی عملہ اس سفر میں انکے ساتھ ہو گا۔
تازہ ترین