• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیلریاں کھچاکھچ بھری،لوگ سیڑھیوں پر بیٹھے رہے،مریم اورنگزیب میسج کرتی رہیں، سینیٹ اجلاس کی جھلکیاں

اسلام آباد (طاہرخلیل،ساجد چوہدری،شکیل اعوان) ایوان بالا کا اجلاس مقررہ وقت سے 15منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا تو مہمانوں کی گیلریاںکھچا کھچ بھری ہوئی تھیں ، لوگ گیلریوں کی سیڑھیوں پر بیٹھے رہے جبکہ فالتو کرسیاں بھی لگوائی گئی تھیں،حلف کے دوران رضا ربانی اپوزیشن لیڈر کی کرسی پر بیٹھے رہے،وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب بھی تلاوت کے دوران ہائوس میں آئیں اور پچھلی نشستوں پر اپنی خالہ سینیٹر نجمہ حمید کے ہمراہ بیٹھی رہیں ، ایک موقع پر وہ موبائل پر میسج کرتی رہیں،تھر سے نو منتخب سینیٹرکیشو بائی (کرشنا کوہلی)چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا عمل انتہائی حیرانگی سے ہونٹو ں پر انگلی رکھ کر دیکھتی رہیں ۔ ارکان رول آف ممبرز پر دستخطوں سے پہلے پریذائیڈنگ آفیسر سے ملتے ، تصاویر بنواتے اور دستخط کر کے واپس اپنی نشستوں پر چلے جاتے، سب سے زیادہ ڈیسک رضا ربانی کے رول آف ممبرز پر دستخط کیلئے بلائے جانے پر بجائے گئے ، سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کیلئے فرداً فرداً سینیٹر کا نا م پکارتے رہے ۔ میر حاصل بزنجو ، سینیٹر راجہ ظفرالحق سے مسلسل سرگوشی میں مصروف رہے ۔ سینیٹر کیشو بائی روائتی علاقائی لباس میں ملبوس تھیں ۔ سعد رفیق اور دیگر وزرا بھی ایوان میں ووٹنگ کے عمل کا مشاہدہ کرتے رہے ۔ پہلا ووٹ ڈاکٹر عبدالکریم نے اور آخری ووٹ پریذائیڈنگ افسر سردار یعقوب ناصر نے کاسٹ کیا۔ سسی پلیچو کیشو بائی (کرشنا کوہلی )کی ساتھ والی نشست پر بیٹھ کر بات چیت میں مصروف رہیں ۔ چوہدری تنویر نکتہ اعتراض پر کھڑے ہوئے تو پریذائیڈنگ افسر نے کہا کہ ایک نکاتی ایجنڈا ہے آپ تشریف رکھیں لیکن وہ بولتے رہے ۔
تازہ ترین