• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارچ میں سود،کرپشن اور اسٹیٹس کو کیخلاف بھر پور مہم شروع کرینگے،سراج الحق

کراچی ( ایجنسیاں ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں انتہائی کم سطح پر آ گئی ہیں ۔ فی بیرل 23 ڈالر تک پٹرولیم مصنوعات فروخت ہورہی ہیں لیکن وزیراعظم نے اوگرا کی سفارشات کو مسترد کرتے ہوئے صرف 5 روپے فی لٹر قیمت کم کی ہے اس لحاظ سے حکومت پٹرول کی تین گنا قیمت وصول کر رہی ہے ۔ یہ انتہائی ظلم و زیادتی ہے ۔ حقیقی اپوزیشن نہ ہونے کی وجہ سے حکومت من مانی پر اتر آئی ہے ۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف 5 روپے کی کمی کا اعلان صرف عوام کے ساتھ مذاق ہی نہیں بلکہ ظلم وزیادتی ہے۔ملک میں سیکولرازم کو پروان چڑھانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔مارچ میں سود،کرپشن اور اسٹیٹس کو کے خلاف بھر پور مہم شروع کریں گے۔وہ مسجد قبا فیڈرل بی ایریا میں جماعت اسلامی ضلع وسطی کے اجتماع ارکان اور ادارہ نور حق میں حلقہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب اور سوالات کے جواب دے رہے تھے ۔اس موقع پر مرکزی نائب امراء اسد اللہ بھٹو،راشد نسیم ، مرکزی ڈپٹی سکریٹری محمد اصغر ،صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی ،صوبائی نائب امیر محمد حسین محنتی ،امیر کراچی ،حافظ نعیم الرحمن ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اوگرا نے قیمتوں میں کمی کی تقریباً 11 روپے کی سفارش کی تھی اور یہ کمی بھی عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے تناسب سے بہت کم ہے کیونکہ تیل کی قیمت گزشتہ 15 سال کی کم ترین سطح پر آچکی ہے لیکن وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے عوام دشمن مشیروں کی سفارشات پر عمل کیا اور اوگرا کی سفارش کو بھی مسترد کر کے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ حکمران طبقے کو عوام کی مشکلات وپریشانیوں اور مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ ا نہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام اسلام سے گہری اور والہانہ وابستگی رکھتے ہیں ۔جماعت اسلامی آئینی اور جمہوری طریقوں کے مطابق تبدیلی کی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے ۔ 2018 ملک میں الیکشن اور تبدیلی کا سال ہوگا ۔کارکنا ن،ارکان اور ذمہ داران بھرپور طریقے سے الیکشن کی تیاری شروع کردیں۔کراچی باصلاحیت افرادی قوت کا حامل شہر ہے۔ جماعت اسلامی کا اسلامی اور فلاحی ایجنڈا ہی کراچی کے مسائل کا حل اور عوام کے دکھوں کا مداوا بن سکتا ہے ۔ کراچی کی تعمیرو ترقی کے لیے اپنے ایجنڈے کو عوام کے سامنے پیش کریں ۔
تازہ ترین