• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران منافق اور جھوٹا، بلاول ہائوس اور بنی گالہ چابی والے کھلونے ، نواز شریف

عمران منافق اور جھوٹا، بلاول ہائوس اور بنی گالہ چابی والے کھلونے ، نواز شریف

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں/مانیٹرنگ سیل) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران منافق اور جھوٹا، بلاول ہائوس اور بنی گالہ چابی والے کھلونے ، کوئٹہ کا کیا شخص تھا جس کے سامنے سجدہ ریز ہوگئے، لیکن ہم ہار کر بھی جیت گئے، ڈریں گے نہیں،الیکشن کو ریفرنڈم بنا دینگے، جو مشن چن لیا ہے،اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، آپکو مجبور کرونگا کہ بہتری کیلئے میرے ساتھ چلیں،ہمارا منشور اب چار لفظی ہوگا ’ووٹ کو عزت دو‘ ترقی کیلئے شہبازشریف کا کردار مثالی ہے۔ اسلام آباد میں پارٹی کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے شعر پڑھا کہ (ہمارا خون بھی شامل ہے تزئین گلستان میں، ہمیں بھی یاد کرلینا چمن میں جب بہار آئے)، نوازشیرف نے کہا کہ جو میرے ساتھ ہوا اس کے بعد کسی چیز کا افتتاح کرنے کا دل نہیں چاہتا، انسان کا دل ٹوٹ جاتا ہے لیکن میرا دل اتنا بھی نہیں ٹوٹا کہ پیچھے ہٹ جاؤں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ہمارے ستر سال گزرے، اگلے ستر سال ویسے نہیں گزرنے چاہئیں، اگلے ستر سال بہتر بنانے کے لیے آپ کے قدم سے قدم ملا کر چلوں گا، آپ کو مجبور کروں گا کہ میرے ساتھ چلیں۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ اگلے الیکشن کو عوام نے ایک ریفرنڈ بنادینا ہے، آج اپنے کسی کیے کی سزا نہیں بھگت رہا، روز عدالتوں کے چکر کاٹ رہا ہوں، مجھے کوئی بتادے کہ تم نے فلاں جگہ کرپشن کی ہے، یہ کس چیز کے مقدمے ہیں، یہ ووٹ کے احترام کی بات کرتا ہوں اس چیز کے مقدمے ہیں، قوم کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کل ملک میں ایک تماشہ لگا، بڑے اصولوں کی بات کرتے ہیں، کل دیکھا کس طرح سے ایک ہی بارگاہ میں سب جاکر جھک گئے، بنی گالہ، بلاول ہاؤس والے اور کے پی کے سے چلنے والے قافلے بھی وہیں جاکر جھک گئے، ایک ہی جگہ پر جاکر سجدہ کردیا، کس کے آگے جاکر جھکے ہو، اس کی کیا خدامت ہیں پاکستان کے لیے، کتنا قد کاٹ ہے، وہ کیا شخص ہے کسی کو کوئی پتا نہیں، یہ سب چابی والے کھلونے ہیں، کیا کہوگے اس جگہ پر کیوں جھکے، کیسے سجدہ ریز ہوگئے۔میاں نواز شریف نے عمران خان کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کون سے نئے پاکستان کی بات کرتے ہو، یہ تربیت کروگے قوم کی، قوم اس حرکت کو بری نگاہ سے دیکھتی ہے،قوم جانتی ہے تم جھوٹے اور منافق ہو، تمہارے قول و فعل میں تضاد ہے، کیا اس طرح کے لیڈر ہوتے ہیں، یہ قوم کے لیے شرمندگی ہیں، تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا، تم جیت کر ہارگئے اور ہم ہار کر بھی جیت گئے۔میاں نوازشریف نے اس موقع پر بھی شعر پڑھا:جو میں سربسجدہ ہوا کبھی تو زمیں سے آنے لگی صداتیرا دل تو ہے صنم آشنا تجھے کیا ملے گا نماز میں۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم سمجھوتے کرنے والے، اپنی ذات اور مفاد کی خاطر قوم کو بیچنے والے لوگ نہیں، جو ہیں آپ کے سامنے ہیں، ہم پاکستان کے لیے لڑمر جانے والے لوگ ہیں لیکن یہ لوگ آپ کو بیچ کر اپنا مفاد حاصل کریں گے، ہم مصیبتیں برداشت کررہے ہیں لیکن جھک نہیں رہے، ہم کسی اور کی بارگاہ میں جھکنے والے نہیں، صرف اللہ کی بارگاہ میں جھکتے ہیں،کسی انسان کے آگے نہیں جھکیں گے، اپنے ملک کو سنواریں گے، الیکشنوں کو ریفرنڈم بنائیں گے، ملک کی تقدیر کو بدلیں گے۔

تازہ ترین