ہیلی فیکس(نمائندہ جنگ ) جہلم کے اوورسیز پاکستانیوں کی ممتاز رفاہی تنظیم ’’ جہلم فورم ‘‘ کی طرف سے یارکشائرمیں تنظیم کا نیا چیپٹر قائم کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد ہیلی فیکس میں کیا گیا جس میں جہلم سے تعلق رکھنے والے ممتاز اوورسیز پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی،تقریب میں نظامت کے فرائض جہلم فورم مانچسٹر کے سیکریٹری جنرل تنویر کھٹانہ نے سر انجام دئیے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئےجہلم فورم مانچسٹرکے شہزاد مرزااور الیاس گوندل نے اس بات پر زور دیا کہ جہلم سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں پر مشتمل یہ تنظیم ایک خالص رفاہی تنظیم ہے اور ضلع جہلم کے لوگوں کے لئے رفاہی کاموں اور عوام کی فلاح و بہبود کے کام کرتی ہے ،ضلع جہلم میں پہلے سے ہی ہمارے متعدد پراجیکٹ کام کر رہے ہیں اور اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ یارکشائر میں مقیم ضلع جہلم کے لوگوں پر مشتمل نیا چیپٹر قائم کر دیا جائے ،اس سلسلے میں بابر خان کو جہلم فورم یارکشائر کا چیف آرگنائزر مقرر کیا گیا ہے جو کہ اپنے دیگر ساتھیوں بدر سعید ، امجد زمان ، امجد رشید ، وسیم احمد ، نوید احمد بٹ ، عرفان شہزاد،ظہور افضل ، توقیر امجد اورمیاں اسماعیل کے ہمراہ ممبر سازی کر کے جلد سے جلد جہلم فورم یارکشائر کے انتخابات منعقد کرائیں گے۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر جہلم فورم الیاس گوندل کا کہنا تھا کہ جہلم فورم ایک انٹرنیشنل تنظیم ہے جس کی تنظیم سازی کا سلسلہ پوری دنیا اور پاکستان میں جاری ہے۔ گریٹر مانچسٹر چیپٹر کے بعد آج ہم نے یارکشائر چیپٹر کا قیام عمل میں لایا ہے اور یہ سلسلہ یونہی دیگر شہروں، ریجن اور پھر بالآخر دیگر ممالک تک جائے گا اور پھر ان ریجنز اور ممالک کے عہدیدار مرکزی تنظیم کے عہدیداروں کا چناؤ کریں گے۔ تقریب میں جہلم فورم مانچسٹر کے عہدیداروں کے علاوہ دیگر معززین نے بھی شرکت کی جن میں صدر گریٹر مانچسٹر برانچ انور یعقوب ،کرنل طاہر وسیم ،مقدسہ بانو، فرخ بخاری، راجہ نقاش، قیصر محمود، محی الدین چیمہ، نعیم کھوکھر، ملک بدر، عثمان شیخ، عمران مجید شہزاد مرزا، غلام حسین،عارف پندھیر ، طارق لودھی ، ثاقب راجہ ، نوید چوہان ، شکیل قمر اور ڈاکٹر عامر شامل تھے ۔