• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الاٹیز کی تفصیلات مانگنا تعمیراتی صنعت کیخلاف سازش ہے،عارف جیوا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محمد عارف یوسف جیوا نے کہا ہے کہ الاٹیز کی تفصیلات مانگنا تعمیراتی صنعت کے خلاف سازش ہے، ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے بلڈرز اور ڈیولپرز سے الاٹیز کی تفصیلات طلب کرنا مجوزہ ایمنیسٹی اسکیم کو سبوتاژ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو روکنے کی سازش کے مترادف ہے،تعمیراتی شعبہ زراعت کے بعد سب سے زیادہ روزگار فراہم کرنے والا شعبہ ہے،حکومت کو چاہیے کہ اس کی سرپرستی کرے نہ کہ اسے ہراساں کیا جائے۔عارف جیوا نے بتایا کہ ایف بی آر نے تعمیراتی منصوبوں میں دکانیں اور فلیٹس خریدنے والوں کی تفصیلات مانگنے کے لیے بلڈرز اور ڈیولپرز کو نوٹسز جاری کیے ہیں جس کا مقصد صرف بلڈرز اور ڈیولپرز کو ہراساں کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ جائیدادوں کی منتقلی کے وقت تمام تفصیلات ایف بی آر کو مہیا کی جاتی ہیں،بلڈرز اور ڈیولپرز سے جائیدادوں کی لیز اور رجسٹریشن پر گین ٹیکس اور ایڈوانس ٹیکس عملا وصول کیا جارہا ہے۔الاٹیز کی تفصیلات مانگنا تعمیراتی صنعت کے خلاف سازش ہے،اس عمل سے سرمایہ کار رئیل اسٹیٹ شعبے میں صرف جائیدادوں کی خرید و فروخت تک محدود ہوکر رہ جائیں گے جس کے نتیجے میں تعمیراتی صنعت تباہ ہوجائے گی۔آباد کئی برسوں سے غیر ملکی بلڈرز اور ڈیولپرز کو پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی رہی ہے،غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔تاہم الاٹیز کی تفصیلات طلب کرنے کے عمل سے اربوں روپے کی غیر ملکی سرمایہ کاری بھی رک جائے گی ۔
تازہ ترین