• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الطاف حسین کے ضمانتوں کے نوٹس منسوخ کر کے برطانوی حکومت نے سیاسی فیصلہ کیا،نجم سیٹھی

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے ضمانتوں کے نوٹس منسوخ کرنا برطانوی حکومت کا سیاسی فیصلہ ہے، یہ سب ڈرامہ اور جھوٹ ہے، اسکاٹ لینڈ یارڈ کے پاس منی لانڈرنگ کے سارے شواہد موجود ہیں، برطانیہ کی انٹیلی جنس ایجنسیاں الطاف حسین کو ہمیشہ کیلئے فارغ کرنا نہیں چاہتے ہیں، عزیر بلوچ کی گرفتاری سے پیپلز پارٹی پر دبائو بڑھے گا، عزیر بلوچ کے معاملے میں ذوالفقار مرزا بڑے اہم کردار ہوں گے، عزیر بلوچ کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا تو حکومت کی ساکھ کو نقصان ہوگا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ عزیر بلوچ کی گرفتاری سے متعلق تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ عزیر بلوچ کی گرفتاری سے پیپلز پارٹی پر دبائو بڑھے گا، پارٹی رہنمائوں کی یہ بات غلط ہے کہ پیپلز پارٹی کا عزیر بلوچ سے کوئی تعلق نہیں تھا، عزیر بلوچ کے معاملے میں ذوالفقار مرزا بڑے اہم کردار ہوں گے، ذوالفقار مرزا بڑھکیں مار رہے ہیں کہ وہ عزیر بلوچ کی گرفتاری سے فکرمند نہیں ہیں، ذوالفقار مرزا کو پتا چل جائے گا کہ ان کا بھائی عزیر بلوچ کیا کہتا ہے، دیکھنا ہوگا کہ اگر عزیر بلوچ نے اپنے اعترافی بیان میں ذوالفقار مرزا کا نام لیا تو کیا وہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن کر پارٹی سیاست سے خود کو بالکل الگ کریں گے ،،اگر ذوالفقار مرزا کو بچایا گیا تو آصف زرداری کے خلاف کچھ نہیں کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ کی گرفتاری سے کچھ روز قبل آرمی چیف نے کراچی آپریشن اگلے مرحلہ میں لے جانے کا اعلان کردیا تھا،عزیر بلوچ کافی عرصے سے رینجرز اور کی تحویل میں تھے، عزیر بلوچ کے اعترافی بیان کے ساتھ اگر ثبوت نہیں ہوئے تو اس کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی، عزیر بلوچ کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا تو حکومت کی ساکھ کو نقصان ہوگا،عزیر بلوچ تفتیش میں جن لوگوں کے نام لے گا ضروری نہیں ان سب کو سزا بھی ہو۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ سندھ میں نفسیاتی جنگ ہورہی ہے، فوج سندھ میں آپریشن جاری رکھنا چاہتی ہے اس کیلئے وہ وفاقی حکومت کو ساتھ رکھ کر سندھ حکومت کو دبائو میں رکھنا چاہتی ہے۔
تازہ ترین