کراچی ( بلال احمد ، اسٹاف رپورٹر) مصدقہ ذرائع کے مطابق ایپکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں سندھ حکومت نے انسداددہشت گردی کی مزید 10خصوصی عدالتوں میں ججز کے تقرر کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے سندھ ہائی کورٹ کو لکھے گئے مراسلے میں بیان کیا ہے کہ سندھ حکومت نے دہشت گردی کے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لیے مزید 10عدالتوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے لہذا ان عدالتوں میں ججز تعینات کیے جائیں ۔ تاہم ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ ان عدالتوں میں ججز کی تعیناتی سے قبل عدالتوں کے بنیادی ڈھا نچہ کو حتمی شکل دی جائے ، اسٹاف اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ عدالتوں کے بنیادی ڈھانچے کے مکمل ہونے کے بعد ججز کے ناموں کو حتمی شکل دے کر ججز کا تقرر عمل میں لایا جاسکے اور ججز کا وقت ضائع نہ ہو۔