• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے سہارا اورمظلوم خواتین کی کفالت کرنا حکومت کا کام ہے،سراج الحق

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ’’گوشہ عافیت ‘‘بے سہارا ،مظلوم اور ضرورت مند خواتین کو سہار ا اور مدد فراہم کرکے اور ان کے لیے شیلٹر کا انتظام کرکے بڑا عظیم کام کررہا ہے ۔ یہ کام کرنے والوں کے لیے دنیا اور آخرت میں بڑا اجر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ ناظم آباد میں الحافظات ٹرسٹ کے زیر اہتمام بے سہار ا اور مظلوم خواتین کے لیے قائم شیلٹر ہوم ’’گوشہ عافیت ‘‘کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔الحافظات ٹرسٹ کی جنرل سیکریٹری جہاں آراء مظفر نے گوشہ عافیت کے قیام اور خواتین کو دی جانے والی خدمات بیان کرتے ہوئے ادارے کا تفصیلی تعار ف پیش کیا ،اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امراء اسد اللہ بھٹو ، راشد نسیم ، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن اور گوشہ عافیت کے سرپرست مظفر احمد ہاشمی ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، یاسمین نقی ، رخشندہ زبیری اور دیگر خواتین ذمہ داران بھی موجود تھیں ۔ سراج الحق نے گوشہ عافیت کی جانب سے اب تک ہزاروں بے سہار ا ور ضرورت مند خواتین کو تحفظ اور سہارا فراہم کرنے ،قانونی امداد مہیا کرنے اور بھرپور خدمات پر گوشہ عافیت کی پوری ٹیم کو اوراس کی سرپرستی کرنے پر مظفر احمد ہاشمی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس ادارے کی خدمات قابل قدر اور قابل ستائش ہیں ، اس ادارے کو مزید مستحکم ، مضبوط اور فعال بنایا جائے ، اس کی فراہم کردہ خدمات میں وسعت پیدا کی جائے ۔ خواتین کی کفالت ،رہنمائی و تربیت اور خواتین کے سماجی مسائل پر اتنا بہتر کام خواتین کی بہت بڑی خدمت ہے ۔
تازہ ترین