کولمبو / جوہانسبرگ (جنگ نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مختلف کھلاڑیوں کی جانب سے تقریباً یکساں نوعیت کے قصور پر دو مختلف سزائیں سنائی ہیں ۔ ان فیصلوں پر بین الاقوامی کرکٹ حلقوں میں حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر کاگیسو ربادا کو حریف آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کو آؤٹ کر کے بعد جشن میں کندھا مارنے پر تین ڈی میرٹ پوائنٹس دیئے گئے ہیں اور انہیں دو ٹیسٹ میچوں کیلئے معطل کر دیا گیا ہے جبکہ بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن اور ساتھی کھلاڑی نور الحسن کو ہنگامہ آرائی، جھگڑا کرنے اور ڈریسنگ روم کا شیشہ توڑنے کے باوجود 25 فیصد میچ فیس اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کی سزا دی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق جرم کی نوعیت ایک جیسی ضرور ہے لیکن کھلاڑیوں کی جانب سے فوری ردعمل میں فرق ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کے قصور کو قبول کیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقا نے ربادا کی سزا پر سوالات اٹھاتے ہوئے اس کی خلاف اپیل کی ہے۔