• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں بڑھتے اسلامو فوبیا سے مسلم کمیونٹی میں تشویش ہے، مفتی عبدالمجید

برمنگھم (پ ر) برطانیہ میں بڑھتا ہوا اسلامو فوبیا مسلم کمیونٹی میں سخت تشویش کا با عث ہے۔ برطانیہ کی حکومت اور سیکورٹی اداروں کا فرض ہے کہ وہ نفرت پھیلانے والوں کو قانون کی گرفت میں لائیں۔ وقت آگیا ہے کہ 3اپریل کے حوالے سے نفرت انگیز مواد تقسیم کرنے والوں کا کریک ڈاؤن کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار تحریکِ کشمیر برطانیہ کے جنرل سیکرٹری مفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلامک سینٹر برمنگھم میں ہفتہ وار پروگرام سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ’’مسلمان برطانیہ کے انتہائی پُرامن شہری ہیں۔ وہ اس ملک کو اپنا ملک سمجھتے ہیں۔ وہ اس ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے لگا تار قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے نفرت پھیلانے والوں سے بھی کبھی ٹکراؤ کا رویہ اختیار نہیں کیا لیکن اس سب کے باوجود ایک اقلیت ایسی ہے جو مسلمانوں کو اجنبی تصور کرتے ہو ئے ان کے خلاف نفرت پھیلا رہی ہے جو برٹش ویلیوز کے سراسر خلاف ہے لہٰذا ایسے افراد کو قرار واقعی سزا دینا برطانیہ کے مفاد میں ہے اس لیے کہ اگر نفرت اور خوف و ہراس کے علمبرداروں کو کھلی چھٹی دی گئی تو حالات بے قابو بھی ہوسکتے ہیں جو کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔ مفتی عبدا لمجید ندیم نے مزید کہا کہ ’’مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ اس مرحلے پر مزید متحرک ہو جائیں۔ انہیں بے خوفی اور بے باکی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنا چا ہیے اور نفرت کے بالمقابل محبت اور آشتی کے پیغام کو عام کرنا چاہیے اس لیے کہ اسلام محبت، اخوت اور امن کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔ انہوں نے علما ئے کرام، مشائخِ عظام اور کمیونٹی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات اور تقاریر میں اس پہلو پر خصوصی روشنی ڈالیں تاکہ عوام الناس کی درست رہنمائی کے ساتھ ساتھ ان کے خوف و ہراس کو بھی کم کیا جاسکے۔
تازہ ترین