• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت کا چیمپئن بھارت عالمی مبصرین کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے، شاہ غلام قادر

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی ہرپلیٹ فورم پر سفارتی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا ہر عالمی فورم پر وکیل ہے۔ گزشتہ ماہ ہم نے ایٹمی قوت کے حامل ممالک کے دفاعی اتاشیوں کاLOC لائن آف کنٹرول چپڑی سیکٹر کا دورہ کرایا۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف، وزیر اعظم آزاد کشمیر سب موجود تھے۔ مقصد دنیا کو باور کروانا تھا کہ بھارتی بلااشتعال فائرنگ، معصوم شہریوں کی شہادیں اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے لانا تھا۔ دنیا جانے کہ ہمارے پاس چھپانے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ بھارت اپنے آپ کو جمہوریت کا چیمپئن کہتا ہے اور عالمی مبصرین کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جانے بھی نہیں دیتا۔ جو عالمی اصولوں اور جنیوا کنویشن کی سخت خلاف ورزی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر نے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر برمنگھم کے رہنمائوں سلیم بٹ، چوہدری جبار، راجہ رفاقت حسین، مشتاق احمد، محفوظ مغل اور دیگر کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں آزاد کشمیر کے سابق پارلیمانی امیدوار مرحوم راجہ عابد کے فرزند راجہ شعیب عابد، چوہدری مصدق، راجہ ظہور، ماسٹر دلدار حسین، سمیت کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا کہ برطانیہ میں آباد کمیونٹیز کا وطن کے ساتھ لازوال محبت ہے جو ہر آنے والے مہمان کے اعزاز میں تقریبات منعقد کرتے ہیں۔ برطانیہ ایک جمہوری ملک ہے یہاں سے اٹھنے والی ہر آواز دنیا میں سنی جاتی ہے۔ نریندر مودی بھارتی وزیراعظم کی برطانیہ متوقع دورہ پر برٹش کشمیری بھرپور احتجاج کریں گے۔ آزادی کے بیس کیمپ سے آپ کو جس طرح کی مدد چاہئے وہ ہم مہیا کریں گے۔ ہم نے لائن آف کنٹرول پر دفاعی اتاشیوں کا دورہ کرایا۔ بھارت بھی عالمی مبصرین اور امدادی اداروں کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں رسائی کو یقینی بنائے تاکہ دنیا حالات سے باخبر ہو سکے۔ میزبان سلیم بٹ نے کہا کہ کشمیر ایشو پر ہم سب متحد ہیں، اپنے ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر ہم مودی کی آمد پر صدائے احتجاج بلند کریں گے۔ میزبان چوہدری جبار نے کہا کہ برطانیہ کشمیریوں کے قاتل نریندر مودی کا دورہ برطانیہ منسوخ کرائے۔ برطانیہ جیسے انسانی حقوق کے علمبردار ملک میں نریندر مودی کو احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مشتاق مغل سینئر نائب صدر مڈلینڈ نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ محفوظ مغل نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت آزاد کشمیر میں دن رات عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔ اجہ شعیب عابد نے کہا کہ ایک مختصر عرصہ میں آزاد کشمیر بھر میں راجہ فاروق حیدر کی حکومت نے تعمیر و ترقی کے متعدد پراجیکٹس شروع کر رکھے ہیں۔ راجہ رفاقت حسین نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان نے آزاد کشمیر کی تاریخ کی مختصر ترین کابینہ رکھ کر تعمیر و ترقی کے جال بچھائے۔ کچھ قوتوں کو یہ ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے۔
تازہ ترین