راولپنڈی (نمائندہ جنگ)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی نے گزشتہ روز ایف آئی اے کے انسپکٹر عظمت خان نے بینظیر بھٹو قتل کیس کے اشتہاری ملزم سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے چاروں بینک اکائونٹس نیشنل بینک آف پاکستان، حبیب بینک لمیٹڈ، دبئی اسلامک بینک اور حبیب میٹرو پولیٹن بینک کی تفصیلات عدالت کو فراہم کر دیں جس کے بعد عدالت نے مزید کارروائی کیلئے سماعت دو اپریل تک ملتوی کر دی۔ٹرائل کورٹ نے سابق جنرل کو ضمانت کے بعد بیرون ملک فرار ہو جانے پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے ایف آئی اے کو ملزم کی تمام منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیکر دونوں ضمانتیوں کو بھی طلب کیا تھا جن کے پیش ہونے پر ان کی طرف سے جمع کروائی جانے والی مچلکوں کی رقم بحق سرکار ضبط کر لی گئی تھی بعدازاں ایف آئی اے نے ملزم کی تمام جائیداد کی تفصیلی رپورٹ بھی عدالت کو فراہم کر دی اور بینک اکائونٹس کی فراہمی کیلئے مہلت طلب کی تھی۔