لاہور(نمائندہ جنگ) پرویز مشرف کی وطن واپسی پران کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرانےکیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا ، رانا علم الدین غازی ایڈووکیٹ نے درخواست میں مئو قف اختیار کیا کہ جنرل پرویز مشرف پر آئین کو پامال کرنے کا الزام ہے ، مشرف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانے کیلئے درخواست ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے اور اس مقصد کیلئے ایک فل بنچ بھی تشکیل دیا گیا، اطلاعات کے مطابق پرویز مشرف پاکستان واپس آ رہے ہیں اس لیے ان کیخلاف مقدمات کے پیش نظر ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے تاکہ وہ مقدمات کے مکمل ہونے اور ان پر فیصلے تک ملک سے باہر نہ جاسکیں۔