وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا کامیاب انعقاد امن و امان کی بہتر صورتحال کی غمازی کرتا ہے۔ یہ موجودہ جمہوری حکومت کے ویژن کے تحت واضح پالیسی کا ثمر ہے۔
وزیر مملکت اطلاعات نے اپنےایک بیان میں کہا ہےکہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے عالمی کھیلوں کی واپسی اورکھیل کے میدان آبادہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے تعاون اورمسلح افواج کی بے مثال قربانیوں سے دہشت گردی مٹ رہی ہے۔ ہمارے شہداءنے اپنے لہو سے امن کے دیئے جلائے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت کی دور رس پالیسیوں اور دانشمندانہ فیصلوں سے آج ملک ترقی وخوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔2013 میں ملنے والے چیلنجز سے نبردآزما ہوکر آج پرامن،اندھیروں سے پاک پاکستان میں زندگی رواں ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن نے منشور میں کیے گئے تمام وعدے پورے کر دکھائے ہیں۔ سابقہ ادوار میں صرف کھوکھلے نعرے لگائے گئے ،وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی سے لاہور میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی آمد سے کھیلوں کی سرگرمیاں فروغ پا رہی ہیں، قوم کا جذبہ بڑھا رہی ہیں۔
پی ایس ایل کے میچز کے لئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر حکومت پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے نجم سیٹھی کی قیادت میں پی سی بی نے گراں قدر کردار ادا کیا جو لائق تحسین ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ لاہور میں پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لئے آنے والے شہریوں کا جذبہ اور ولولہ لائق تحسین ہے ،لاہور کے لوگوں نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کا پرتپاک خیر مقدم کیا ۔
ا ن کا کہنا تھا کہ لاہور کی میزبانی پی ایس ایل کھلاڑیوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی -