کوئٹہ+ہرنائی (نمائندہ جنگ+آن لائن ) کوئٹہ کے علاقے کچھ موڑ میں سیکورٹی فورسز نے خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی اور فورسز پر فائرنگ کر نے والے حملہ آور کو ہلاک کر کے اس کے جسم سےبندھی ہوئی 12 کلو گرام وزنی خودکش جیکٹ ناکارہ بنا دی گئی ، جبکہ کوہلو میں آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی میں بڑی تعداد میں راکٹ لانچر ، بارودی سرنگیں اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا تفصیلا ت کے مطابق جمعرات کو کچھ موڑ کے قریب ایک خود کش حملہ آور نے سیکورٹی فورسز کے عملے پر فائرنگ کر دی ، علاقے میں موجود سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے بروقت کا رروائی کر تے ہوئے حملہ آور کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور اسکے جسم کیساتھ بندھی ہوئی خودکش جیکٹ کو بم ڈسپوزل اسکواڈ پاک فوج کےعملے نے ناکارہ بنا کر قبضے میں لے لیا ذرائع کے مطابق حملہ آور نے کچھ موڑ چیک پوسٹ کے قریب نکلنے والی سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر 2 سے تین فائر کئے تا ہم گاڑی میں موجود سیکورٹی فورسز کے اہلکار محفوظ رہے،جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ، واضح رہے کہ چند روز قبل سیکورٹی اداروں کی جانب سے شہر میں حملوں کے حوالے سے الرٹ جاری کیا گیا تھا جس کے بعد کوئٹہ اورمختلف علاقوں میں سیکورٹی انتظامات کو سخت کیا گیا تھاہرنائی سے نامہ نگارکے مطابق کوہلو میں آپریشن ردوالفساد کے تحت حساس اداروں کی نشاندہی پر لیویز اور ایف سی نے کاہان کے علاقے سورآب میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمدکر لیا ڈپٹی کمشنر کوہلو آغا نبیل اختر اور ونگ کمانڈر کرنل فیصل فاروق نے کارروائی میں برآمد کرنے والا اسلحہ میڈیا کے سامنے پیش کیا اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسلحہ کو دہشتگردی کے لئے استعمال کیا جانا تھا، حساس اداروں کی نشاندہی پر لیویز اور ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے منصوبہ ناکام بنادیا برآمد ہونے والے اسلحہ میںمیزائل فیوز173۔اینٹی ٹینک مائن سکیل روند19پیٹی۔8360کارتوس۔ 82ایم ایم مارٹر گولہ29عدد۔ آر پی جی سیون کے 32گولے۔ا ٓر پی ڈی کے فیوز70عدد۔MM60کے 9گولے۔سم الRPG7کے37گولے شامل ہیں۔درایں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ کے علاقے کچھ موڑ پر دہشت گردی کے حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے کوئٹہ شہر ایک سانحہ سے بچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے بہادری اور دلیری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت صوبے میں امن قائم ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کی ایسی کاروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم و حوصلے کو پست نہیں کیاجاسکتا۔ ملک بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردی دم توڑ چکی ہے اور بچے کچھے دہشت گردوں کا جلد خاتمہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ سرحد پار سے آنے والے دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کی اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کوہلو سے شر پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرنے پر کوہلو لیویز اور سیکیورٹی فورسز کے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قانونی نافذکرنے والے اداروں کی بہترین کارکردگی اور قربانیوں سے صوبے میں امن و امان بہتر ہو ا ہے اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں کمی آئی ہے ۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز احمد بگٹی نے لیویز فورس اور سیکورٹی اداروں کی کامیاب کا رروائی پر جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے بروقت کا رروائی کر کے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے جس طرں اندرون بلوچستان لیویز کے عملے نے دشمنوں کی کمر توڑی ہے وہ قابل تحسین عمل ہے،ریجنل پولیس آفیسر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ ملنے والےتھریٹس کی وجہ سے سخت سیکورٹی کی بناء پر خودکش حملہ آور اپنے ہدف پر نہیں پہنچ سکا اور سیکورٹی اہلکاروں نے اسے منطقی انجام تک پہنچا دیا 23 مارچ اور نماز جمعہ کے موقع پر شہر میں تقریبا 5 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔