اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ءسابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز ن لیگ کو بند گلی سے باہر لے آئی ہے ،سب جانتے ہیں عوامی سطح پر مریم نواز کی پذیرائی کس کو ہضم نہیں ہو رہی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا چوہدری نثار علی خان کے پارٹی میں مستقبل کا فیصلہ نو منتخب صدر شہباز شریف کو کرنا ہے پارٹی عہد یدار رہا ہوں پارٹیوں میں جگہ انتشار پھیلانے سے نہیں بنتی چوہدری نثار علی خان کبھی بھی پارٹی کے تنظیمی عہدیدار نہیں رہے، پرویز رشید نے کہانگران حکومتوں کا کام صرف انتخا ب کروانا ہے بڑے فیصلے کرنا نہیں، گالم گلوچ اور انتشار انتخا بات سے راہ فرار حاصل کرنے کی سازش ہے ،ْانتشار کون پھیلا رہے ہیں، کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، انہوں نے کہا کہ جوڈیشل مارشل لا کی بات کرنیوالوں کو مارشل لا ء کیوں یاد آتا ہے،اب چور دروازوں سے اقتدار میں آنے کے دن گئے،احتسابی عمل کس حد تک غیر جانبدار ہے پوری قوم جانتی ہے، میدان سے بھاگنے والے نہیں، سازشی عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔