• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتہا پسندی نہیں چاہتے،ملک میں صرف جمہوری نظام چلے گا،سراج الحق

پشاور (نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم بعض لوگوں کی جانب سے ملک میں جوڈیشل مارشل لا کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کرتے ہیں کہ پاکستان میں کسی بھی قسم کا مارشل لا تسلیم نہیں کریں گے بلکہ اس ملک میں صرف جمہوری نظام ہی چلے گا جبکہ جوڈیشل مارشل لا کی مخالفت پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتے ہیں ہم جمہوریت کے خواہاں ہیں مگر ڈونلڈ ٹرمپ والی جمہوریت ہر گز نہیں چاہتے، ہم اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ؐ کی جمہوریت کے حامی ہیں ، ہم انتہا پسندی اور سیاست میں گولی و گالی کیخلاف ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح پارک پشاور میں جے آئی یوتھ کے زیر اہتمام پشاور یوتھ فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ پاکستان سیکولر ملک ہے لیکن ہم کہتے ہیں پاکستان اسلام کیلئے بنا ہے اور اسے ایک اسلامی سپر پاور بنائیں گے،پاکستان اللہ کی رحمت اور ہمارے لئے ماں کی گود اور مسجد کی طرح ہے، بھارت ، امریکہ یا اسرائیل نے پاکستان کی طرف بری نظر سے دیکھا تو اس کی آنکھیں نکال دیں گے، ہمارے نوجوانوں نے پاکستان کیلئے قربانیاں دی ہیں، ہم نوجوانوں کیلئے ایوانوں کے دروازے کھولنا چاہتے ہیں، ہم ترقی اور نوجوانوں کیلئے روزگار کی بات کرتے ہیں ، ملک میں بدامنی اور بے روزگاری حکمرانوں کی وجہ سے ہے ہم انتہا پسندی کو پسند نہیں کرتے، جس طرح ہم انتہا پسندی کیخلاف ہیں اسی طرح سیاست میں بھی گولی اور گالی کیخلاف ہیں، سراج الحق نے کہاکہ پاکستان چند وڈیروں یا جاگیرداروں کا نہیں 21 کروڑ عوام کا ہے، پاکستان ایک نظریہ ، فلسفہ اور نصب العین ہے، پاکستان مدینہ کی اسلامی ریاست کی طرح ایک ریاست قائم کرنے اور دنیا کے سامنے ماڈل پیش کرنے کا نام ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارے لئے مقدس مقام ہے، اس کی حفاظت کرنا اور اس کیلئے لڑنا جہاد ہے، ہم اس کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان شیر دل ہیں، ان نوجوانوں کی موجودگی میں کوئی ہمیں سپر پاؤر بننے سے نہیں روک سکتا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جمہوریت پسند لوگ آمریت کو پسند نہیں کریں گے، ہزاروں نوجوانوں کی موجودگی میں کہتا ہوں کہ ہم کسی قسم کا مارشل لاء تسلیم نہیں کریں گے، پاکستان میں صرف اور صرف اسلامی نظام چلے گا اور اسلام کے سائے میں جمہوریت چلے گی۔
تازہ ترین