کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستار شاہ چشتی نے کہا ہے کہ مشرف کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان لایا جائے اور ان کے خلاف مقدمات چلائے جائیں۔ کیونکہ سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانے والے مشرف نے امریکہ کی ایک دھمکی پر ملکی مفادات کو دائو پر لگا کر امریکی جنگ میں پاکستان کے وسائل سمیت پورے ملک کو اس جنگ میں دھکیل دیا جس میں آج تک پاکستانی قوم ہزاروں کی تعداد میں اپنی جانوں کی قربانی دینے کے باوجود مشرف کے غلط اقدامات کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی مشرف تھا جس نے جامعہ حفصہ، لال مسجد کے ہزاروں طلباء و طالبات پر آپریشن کیا، نواب اکبر بگٹی سمیت کئی نامور علماء، اسکالرز اور قومی رہنمائوں کا قتل عام کرایا اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور کئی دیگر بے گناہ پاکستانیوں کو امریکہ کے حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان لاکر ان پر ملک دشمنی، آئین توڑنے سمیت دیگر مقدمات چلا کر انہیں سزا دی جائے۔