• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعتزاز احسن پر 10ہزار روپے جرمانہ چیف جسٹس نے ادا کردیا

لاہور(جنگ نیوز)چیف جسٹس پاکستان نے سینئر وکیل اعتزاز احسن پر جرمانے کی رقم خود ادا کردی۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ڈبہ پیک دودھ کے کیس کی سماعت کے دوران سینئر وکیل اعتزاز احسن دلائل دینے کے لیے پیش ہوئے تو چیف جسٹس نے ان سے مکالمہ کیا کہ آپ کو جو 10 ہزار روپے جرمانہ ہوا تھا وہ میں نے جمع کرا دیا ہے، ہم نے وہ پیسے صدقے کے طور پرجمع کرائے ہیں۔چیف جسٹس کی بات سن کر اعتزاز احسن جانے لگے تو جسٹس ثاقب نثار نے انہیں واپس بلا لیا اور عدالتی عملے کو 10ہزار روپے کی رسید اعتزاز احسن کو دینے کا حکم دیا۔جسٹس ثاقب نثار نے اعتزاز احسن سے کہا کہ آپ کے انکار پر میرے بیٹے نے یہ جرمانہ جمع کرایا، میرے بیٹے نے کہا کہ تایا جی کے پیسے میں جمع کراؤں گا۔واضح رہےکہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ڈبہ بند دودھ سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے چوہدری اعتزاز احسن کے پیش نہ ہونے پر ان پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا جس پر سینئر وکیل نے ناراضی کا بھی اظہار کیا تھا۔
تازہ ترین