• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر سہیل ٹیپو کے کمرے سے مشکوک فنگرز پرنٹس،3موبائل ملنے کا انکشاف

لاہور(امداد حسین بھٹی ) گوجرانوالہ میں پراسرار طور پر ہلاک ہونیوالے ڈپٹی کمشنر سہیل ٹیپو کے کمرے سے بعض مشکوک فنگرز پرنٹس ملنے کا انکشاف ہوا ہے ، جبکہ ان کے پھندے کو لگائی جانیوالی گرہ(ناٹ) نے معاملے کو مزید مشکوک کر دیا ہے،پولیس کو متوفی کے کمرے سے مزید3 موبائل فونز بھی مل گئے ہیں۔ پولیس نےان تمام شواہد کو اکھٹا کر کے انھیں فرانزک سائنس ایجنسی کو بھیج دیئے ہیں، بتایا گیا ہے کہ پنکھے سے جو پھندا لٹکایا گیا وہ کمرے کے پردے کا حصہ ہے۔ جس کے ساتھ نیلون کی رسی بھی ہے، ماہر نفسیات ڈاکٹر ثاقب کا کہناہے کہ بہت اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد عموماً پھندا لے کر خود کشی نہیں کرتے، وہ یا تو پسٹل، نیند آور گولیاں یا زہریلی گولیاں کھا لیتے ہیں وہ اس قدر تکلیف دہ موت نہیں لیتے ، دوسری جانب پولیس کو کمرے سے بعض مشکوک فنگر پرنٹس بھی ملے ہیں جنہیں محفوظ کر لیا گیا ہے، متوفی کے کمرے سے 24شواہد اب تک فرانزک سائنس ایجنسی کو بھیجے جا چکے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جو 3موبائل فونز ملے ہیں ان میں سے ایک سرکاری نمبر ہے جبکہ 2فونز غیر فعال تھے۔ متوفی کے ماموں اکرم طاہر نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ ان کے بھانجے کو قتل کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پھندا کی گرہ کا جواب پولیس کے پاس بھی نہیں ہے اور پولیس انہیں اب تک کوئی ٹھوس بات نہیں بتا سکی۔اس حوالے سے سی پی او گوجرانوالہ اشفاق احمد خان نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر پہلے ہی 7رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے جو تمام پہلوئوں پر تفتیش کر رہی ہے۔
تازہ ترین