گوجرانوالہ( نمائندہ جنگ) ضلع انتظامیہ ذرائع کے مطابق ڈی سی گوجرانوالہ سہیل احمد ٹیپو کی ہلاکت بارے فارنزک لیبارٹری کی رپورٹ آئندہ ایک دو یوم میں آنے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ فرانزک رپورٹ کے بعد ہی پتہ چل سکے گا کہ سہیل ٹیپو نے خود کشی کی ہے یا یہ قتل کی واردات تھی۔ قائم مقام ڈپٹی کمشنر رانا وقاص کے مطابق آج یا کل فارنزک رپورٹ مل جائے گی جس کے بعد تفتیشی ٹیم اپنی فائنل رپورٹ تیار کر ے گی۔ دوسری طرف پوسٹمارٹم ٹیم کے چیئرمین قائم مقام ایم ایس ضلعی ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر گلزار احمد نے کہا ہےکہ فارنزک رپورٹ ، پولیس افسران کی تفتیش اور پھر موقعہ کی شہادتوں کو ملا کر ہی کوئی حتمی نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ پوسٹمارٹم ٹیم کے مطابق جب کوئی شخص پھندا لیتا ہے تو عموماً گردن کی ہڈی ٹوٹ جاتی ہے مگر اس کیس میں پھندا گردن کے اوپر کے حصے میں باندھا گیا اس وجہ سے ہڈی نہیں ٹوٹی۔ پوسٹمارٹم ٹیم کے مطابق پھندہ لیتے وقت اونچائی ، وزن اور رسی کی موٹائی سے بھی گردن کی ہڈی ٹوٹنے یا نہ ٹوٹنے کےبارے میں رائے دی جاسکتی ہے۔