• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ میں رشتوں کا جڑنا اور ٹوٹنا تو جیسے روز کی ہی بات ہے اس کے ساتھ ساتھ فلمی دنیا میں شادیوں کے بندھن کا بھی ٹوٹنا بہت عام سی بات سمجھی جاتی ہےلیکن کئی اداکار اور اداکارائیں ایسی ہیں جنہوں نے محبت کی اور اس کو اس طرح نبھایا کہ آج وہ ایک کامیاب زندگی گزار رہے ہیں۔

دھرمیندر اور ہیمامالنی

بالی ووڈ کی کامیاب جوڑیاں

ایک جوڑی جسے ناظرین نے پردے پر بھی اور اصل زندگی میں بھی پسند کیااوروہ جوڑی ہے دھرمیندر اور ڈریم گرل ہیما مالنی کی۔ اس فلمی جوڑی نے 28 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائےجب کہ اس جوڑے کی کہانی بھی روایتی محبت کی کہانیوں کی طرح کٹھن اور پر خطر ہے۔ دھرمیندر ن کی پہلی شادی شوبھا سےہوچکی تھی ۔اور ہیما سے ان کی دوسری شادی تھی ۔ دونوں اداکاروں نے 2 مئی 1980 کو شادی کی اور 35 سال سے خوش وخرم زندگی گزاررہے ہیں۔

امیتابھ بچن اور جیابچن

بالی ووڈ کی کامیاب جوڑیاں

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کسی تعارف کے محتاج نہیں ، وہ کئی دہائیوں سے بالی ووڈ پر کامیابی سے راج کررہے ہیں۔بالی ووڈ سپراسٹار کی محبت کی داستان انتہائی دلچسپ ہے ۔ بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کی جوڑی نے فلم’’ زنجیر‘‘ سے شہرت پائی جب کہ فلم’’زنجیر ‘‘اس وقت امیتابھ بچن کی ہٹ فلم تھی جو 1973 میں ریلیز ہوئی لیکن جیا بچن اس وقت ایک کامیاب اداکارہ تسلیم کی جاتی تھیں۔ بالی ووڈ کے سپر اسٹار نے اپنی محبت کی داستان کے بارے میں اعتراف کیا کہ جیابچن اور انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ اگر فلم کامیاب ہوگئی تو وہ دونوں شادی کرلیں گے ورنہ دونوں کی راہیں جدا ہوجائیں گی لیکن زنجیر نے ان دونوں کو ایک ساتھ باندھ دیا۔ دونوں اداکاروں نے 3جون 1973 کو ممبئی میں اپنے گھر والوں اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں شادی کی اور 41 سال سے کامیابی سے خواشگوار زندگی گزاررہے ہیں۔

رشی کپور اور نیتو سنگھ

بالی ووڈ کی کامیاب جوڑیاں

رشی کپور اور نیتوسنگھ کی ایسی جوڑی ہے جس نے پردے پر بھی مداحوں کا دل جیتا اور اصل زندگی میں بھی ۔ 1975 میں فلم کھیل کھیل میں مرکزی کردار اداکرنے والی جوڑی نے خوب کامیابی کے جھنڈے گاڑے ۔بالی ووڈ کو 11ہٹ فلمیں دینے والی جوڑی نے محبت کی شادی 22 جنوری 1980 میں کی اوراب تک خوشگوار اور کامیاب زندگی گزاررہے ہیں۔

سیف علی خان اور کرینہ کپور

بالی ووڈ کی کامیاب جوڑیاں

بالی ووڈ کی حسینہ کرینہ کپور اور سیف علی خان فلم انڈسٹری کے چمکتے ستارے ہیں ۔ دونوں اداکاروں کی محبت کی کہانی بھی دلچسپ ہے۔ دونوں اداکار5 سال خاموشی کے ساتھ ایک دوسرے سے محبت کرتے رہے اور بالاآخر 16 اکتوبر2012 کو شادی کے بندھن میں جڑگئے۔ بالی ووڈ اسٹار شادی کے بعدخوش وخرم زندگی گزار رہے ہیں جب کہ کرینہ کپور کی کئی فلمیں باکس آفس پرچھائی رہیں۔

ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے

بالی ووڈ کی کامیاب جوڑیاں

سابق مس یونیورس ایشوریا رائے بالی ووڈ کی کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں جب کہ بالی ووڈ کے اداکار ابھیشیک بچن بھی کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔دونوں اداکاروں کی جوڑی نے 3 فلموں میں ایک ساتھ کام کیا اور اس کے بعد 20 اپریل 2006 کو شادی کرلی۔ دونوں بالی ووڈ اسٹار شادی کے بعد کامیابی سے زندگی کی سیڑھیاں پار کررہے ہیں۔

اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنا

بالی ووڈ کی کامیاب جوڑیاں

بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنا کی جوڑی بالی ووڈ کی کامیاب جوڑی ہے جسے مداحوں نے بڑی اسکرین کے علاوہ حقیقی زندگی میں بھی خوب سراہا ہے۔ دونوں اداکاروں کی جوڑی نے بالی ووڈ کی دوفلموں ’’انٹرنیشنل کھلاڑی‘‘ اور’’ ظلمی‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے جس سے انہیں کافی پذیرائی ملی اور یہیں سے دونوں اداکاروں کی محبت کی داستان بھی شروع ہوئی۔ اکشے کمارا اور ٹونکل کھنا نے 17 جنوری 2001 کو اپنی محبت کو منطقی انجام پرپہنچاتے ہوئے شادی کرلی۔ شادی کے بعداکشے کمار کی اہلیہ نے فلمی دنیا کو خیر باد کہہ دیا ہے جب کہ دونوں اداکارمحبت کے ملن کوکامیابی سے گزار رہے ہیں۔

اجے دیوگن اور کاجل

بالی ووڈ کی کامیاب جوڑیاں

بالی ووڈ فلم’’ دل والے دلہنیالے جائیں گے‘‘ سے شہرت کی بلندیوں کوپہنچنے والی اداکارہ کاجل اور اداکار اجے دیوگن کی داستان محبت فلموں میں ساتھ کام کرنے سے شروع ہوتی ہے۔ دونوں اداکاروں کی جوڑی نے ’’عشق‘‘،’’ راجو چاچا‘‘ اور’’ دل کیا کرے ‘‘جیسی بے مثال فلمیں بنائیں اور ان فلموں کی کامیابی کے بعد ہی دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگئے۔ بالی ووڈ اسٹارز نے 24 فروری 1999 میں شادی کی تاہم دونوں اداکاروں کے تعلقات کشیدہ ہونے کی خبریں آتی رہتی ہیں لیکن اب تک زندگی کا سفرکامیابی سے جاری ہے۔

ریتش دیش مکھ اور جینیلیاڈی سوزا

بالی ووڈ کی کامیاب جوڑیاں

اداکار ریتش دیش مکھ اور اداکارہ جینیلیا ڈی سوزا کی جوڑی بالی ووڈ کی خوبصورت جوڑی ہے۔ دونوں اداکاروں نے 2003 میں رومانوی فلم’’ تجھے میری قسم‘‘ سے اپنے فنی کیرئیرکا آغاز کیا جب کہ فلم میں محبت کاکردار اداکرتے کرتے دونوں اداکار ایک دوسرے کے سحر میں جکڑ گئے۔ بالی ووڈ اسٹارز کو ایک ہونے میں شدید مشکلات پیش آئیں لیکن دونوں نے ہمت نہیں ہاری اور 3 فروری 2012 کو شادی کرلی اور خوش وخرم زندگی گزاررہے ہیں۔

تازہ ترین