ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی ممبرسازی کے لئے مہم کے دوران آمادگی ظاہر کرنے والوں کو ممبرشپ کارڈ جاری نہیں ہوسکے ،ذرائع کے مطابق اس کے لئے جو تکنیکی لوازمات کئے جانا تھے ،وہ نہیں کئے جاسکے ،ممبر سازی کے لئے متعلقہ شخص کا مکمل ڈیٹا اور تصاویر کی فراہمی اور اس کی آمادگی سمیت دیگر کوائف ضروری تھے، ملتان میں ممبرسازی کے لئے 22 کیمپ لگائے گئے تھے ، مگر بیشتر کیمپوں میں روایتی خانہ پری کے انداز میں ممبرسازی کرلی گئی ،ممبرشپ کے لئے آمادگی ظاہر کرنے والوں کو 10 روز کے اندر پارٹی کارڈ جاری کرنے کا کہا گیا تھا مگر اب پندرہ روز ہونے کو آئے ہیں مگر شرائط پوری نہ ہونے کی وجہ سے کارڈ جاری نہیں کئے گئے،اس حوالے سے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر اعجاز جنجوعہ کا کہنا ہے کہ ممبر سازی کے لئے ضروری کوائف حاصل کرلئے گئے تھے ،صرف تصاویر نہیں لی جاسکیں ، ملتان میں ممبرسازی کا مرحلہ کل ہی مکمل ہوا ہے اور تمام کوائف اسلام آباد بھجوادیئے گئے ہیں جلد ہی کارڈ جاری ہوجائیں گے ۔