اسلام آباد( نمائندہ جنگ) اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو ’’جھوٹ‘‘ کے دورے پڑتے ہیں،لاڈلے کو تو عدالت میں پیشی سے استثنیٰ دیدیا گیا مگروزیراعظم اور وزیراعلیٰ رہنے والے رہنماء کو ملحقہ احتساب عدالت بیوی کی عیادت کے لئے اجازت نہیں دے رہی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایس ایس پی تشدد کیس میں لاڈلے پر دہشت گردی کی دفعات تھیں جس پر اسے استثنیٰ مل گیا ۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک عدالت میں اُسے استثنیٰ نہیں دیا جا رہا جو ہفتے میں تین تین دن پیش ہو رہا ہے اور ساتھ والی عدالت سے لاڈلے کو استثنیٰ مل گیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ زرداری صاحب کا نیب کورٹ سے ریکارڈ غائب ہو ا اور وہی نیب سابق وزیراعظم پر ریفرنس کے ریفرنس بنا رہی ہے جس کے خلاف ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو ’’جھوٹ‘‘ کے دورے پڑتے ہیں، 2013 سے اب تک ان کا جھوٹ اور الزامات کا وطیرہ نہیں بدلا نہ ہی خیبرپختونخوا میں کسی اسپتال اورا سکول کی حالت زار بہتر کی جاسکی۔