• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ڈرائنگ روم کی تزئین کرے آپ کے ذوق کی تسکین

گھر کا وہ گوشہ جو مہمانوں کے لئے مخصوص ہو ،وہ حصہ جوگھر کے تمام کمروں کی نسبت زیادہ صاف ستھرا ہو ،وہ حصہ جس کی آرائش گھر کے تمام حصوں کی سجاوٹ کی بنسبت زیادہ توجہ کے ساتھ کی گئی ہو ،وہ حصہ جس کے لئے آپ کی خواہش ہو کہ بچے وہاں کا رخ کم ہی کریں ، وہ حصہ جس کے لئے مہنگے اور پر کشش فرنیچر،پردوں اور ڈیکوریشن پیسز کا انتخاب کیاگیا ہو ،جی آپ سمجھ گئے ہونگے کہ بات ہورہی ہے ڈرائنگ روم کی ۔

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ڈرائنگ روم گھر کا اہم حصہ ہے جو گھر کے مکینوں کے ذوق کی تسکین کرتا ہے ۔اس کمرے کی اہمیت کے پیش نظر اس کی ڈیکوریشن آسان نہیں ایک مشکل امر یہ ہے کیونکہ اس کی سجاوٹ کرتے وقت جہاں اس بات کا خیال رکھنا پڑتا ہے کہ یہ حصہ زیادہ توجہ کے باعث کہیں ڈیپارٹمنٹل اسٹوریا آرائشی اشیاء کی دکان نہ لگے وہیں یہ بھی خیال رکھنا پڑتا ہے کہ یہاں کی ہر چیز ایک دوسرے سے مربوط ہو ،یہ نہ ہو کہ ایک آرائشی شے کہیں تو دوسری کہیں۔

انٹیریئر ڈیزائنر کے مطابق ڈرائنگ روم کی سجاوٹ چاہے جتنے بھی جدید انداز میں نہ کرلی جائے جب تک وہاں کی سجاوٹی اشیاء ایک دوسے سے مربوط نہیں ہونگی آپ کے اعلیٰ ذوق کی آئینہ دار نہیں کہلاسکتیں چنانچہ ہم نے سوچا کیوں نہ آج قارئین سے ڈرائنگ روم کی سجاوٹ سے متعلق ہی معلومات شیئر کی جائیں جو اس مضمون کی اشاعت کے بعد دوران سجاوٹ آپ کے کام آسکے تو آئیے آج بات کرتے ہیں ڈرائنگ روم کی سجاوٹ کی ۔

موڈ خوشگوار کرتا ڈرائنگ روم کا رنگ

کمرے کا رنگ وروغن انسان کے موڈ پر خاصا اثر انداز ہوتا ہے۔ رنگ انسانی مزاج ،شخصیت حتیٰ کہ انسانی طبیعت پر بھی خاصے اثر انداز ہوتے ہیں تو پھر یہ کیسے ممکن ہےڈرائنگ روم کا کلر گھر کے مکینوں سمیت مہمانوں پر بھی اثر انداز نہ ہواگر آپ چاہتے ہیں آپ کا ڈرائنگ روم ٹھنڈا ،پرسکون محسوس ہو تو ڈرائنگ روم کے لئے ہلکے رنگوں کا انتخاب کریں ہلکے رنگوں میں لائٹ بلو(فیروزی) ،لائٹ گرین کے ساتھ سفید رنگ آپ کے ڈرائنگ روم کے لئے بہترین انتخاب ہوگا ۔ ہلکا ہرا رنگ فرحت بخش احساس دیتا ہے۔ سفید رنگ سے ماحول پاکیزہ لگتا ہے۔ نیلا رنگ ذہن کو راحت بخشتا ہے۔

دیواروں اور چھتوں کو جدت سے ہم آہنگ بنائیں

ڈرائنگ روم چونکہ زیادہ استعما ل میںآنے والاکمرہ نہیں چناچہ اس کی سجاوٹ غیر معمولی انداز میں بخوبی کی جانی چاہئیے جس کے لئے ہمارا مشورہ ہے کہ گھر کے اس حصے کی سجاوٹ کے لئے دیواروں اور چھتوںکو جدید اندازدیں، مثال کے طور پر آج کل دیواروں پر وال پیپر کا زمانہ ہےچنانچہ آپ ڈرائنگ روم کی کوئی بھی ایک دیوار گہرے رنگ کے وال پیپر سے مزین کرسکتی ہیں بشرط یہ کہ کمرے کی بقیہ دیواروں کا رنگ ہلکا ہو اگر آپ وال پیپر نہیں پسند کرتیں توکمرے کی ایک دیوار کو ماربل یا پتھر کی طرز سجاوٹ کے طور پر تعمیر کیا جاسکتا ہے ۔

اگر بات کی جائے چھتوں کی توڈرائنگ روم کی چھت کوسادہ چھوڑنے کےبجائے تھری ڈی سیلنگ ،ووڈنگ یا ماربلنگ کسی بھی اسٹائل کے ساتھ سجایا جاسکتا ہے۔

فرنیچر کا انتخاب

اگر آپ چاہتی ہیں کہ مہمان آپ کے سلیقے اور ہنر کو سراہیںتو ڈرائنگ روم کے لئے آرام دہ ،باوقار اور مناسب فرنیچر کا انتخاب کریں،ڈرائنگ روم کے لئےصوفہ سیٹ کا استعمال ضرور کیا جاتا ہے جو جدید ہونے کے ساتھ ساتھ آرام دہ بھی ہو، صوفہ سیٹ کی متعدد اقسام مارکیٹ میں دستیاب ہیں لیکن اگر آپ اپنے ڈرائنگ روم کو شاہانہ انداز دینا چاہتی ہیںتو گولڈن کلر اسکیم کا انتخاب کریں، اس رنگ کا فرنیچر آنے والے مہمانوں پر خوشگوار اثر مرتب کرے گا ۔راؤنڈ اسٹائل صوفہ سیٹ بھی آپ کے ڈرائنگ روم کی کشش بڑھانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

فلورنگ پر بھی توجہ دیں

دور جدید میں بیڈ روم ہو یا ڈرائنگ روم فرش کی سجاوٹ پر بھی خاصی توجہ دی جارہی ہے تو پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ ڈرائنگ روم کا فرش آپ کی توجہ نہ مانگے ۔

اگر آپ کا فرش جدید طرز کا ہے تو اس کے لئے رگس اور چھوٹے قالین ہی بہتر ہیں تاہم اگر آپ کا فرش سادہ ہے تو اسے جدید طرز دینے کے لئے پرآسائش قالین ،اور کارپٹ کی مدد سے سنوارا جاسکتا ہےچنانچہ اب ڈرائنگ روم کی سجاوٹ کے دوران فلورنگ پر توجہ دینا مت بھولئیے گا۔

کشن کو نظر انداز نہ کریں

کارپٹ ہو یا قالین یا پھر آپ کے ڈرائنگ روم کے صوفے، کشن کے بغیر ان کی سجاوٹ میں تشنگی رہ جاتی ہے۔مکیں ہو یا مہمان جہاں کشنز کو آرام کا ذریعہ بناتے ہیں وہیں ان کے بہترین انتخاب سے پورا کمرا کھلا کھلا نظر آنے لگتا ہے اور دیکھنے والے کی نگاہ ٹھہر جاتی۔

بہت سی خواتین لیونگ روم کے صوفوں، بیڈ شیٹ اور پردوں کے علاوہ دیگر آرائشی اشیاء اور فرنیچر میں رنگوں کے امتزاج اور میچنگ کا خیال تو رکھتی ہیں مگر کشنز کو بالکل نظر انداز کر دیتی ہیں۔

جس کے نتیجہ میںڈرائنگ روم ڈیکوریشن خاص اچھی نہیں لگتی اور نگاہوں کو اس طور نہیں بھاتی جس طرح بھانی چاہئیے ۔ ڈرائنگ روم میں کا ؤچ اور کارپٹ پر رکھنے کے لیے بڑے کشن استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ چھوٹے کشنز کو بیڈ اور صوفوں کی زینت بنایا جاتا ہے۔

ٹیلی و یژن کے ساتھ ساتھ آرٹ کی بھی موجودگی

ٹیلی ویژن عام طور پر ڈرائنگ روم کا لازمی جز تصور کیا جاتا ہے لیکن جدید دور میں توجہ حاصل کرنے کے لئے ٹیلی ویژن کے علاوہ بھی دیگر سجاوٹی اشیاء کا انتخاب آپ کے ڈرائنگ روم کی قدرومنزلت بڑھا سکتا ہے ۔دیگر سجاوٹی اشیاء میں آپ فن پاروں ،مصوری ،پینٹنگز یا پھر سجاوٹی شیشوں کا استعمال بخوبی کرسکتے ہیں ان اشیاء کے استعمال کے ذریعے جہاں ڈرائنگ روم کی سجاوٹ بڑھائی جاسکتی ہے وہیں ان سے مکینوں کے جمالیاتی ذوق کا اندازہ بھی بخوبی کیا جاسکتا ہے، ڈرائنگ روم میں رکھے شوپیسز کی جگہیں تھوڑے تھوڑے عرصے کے بعد تبدیل کرتی رہیں۔ 

علاوہ ازیں ضروری نہیں کہ آپ اپنے گھر میں موجود سارے ڈیکوریشن پیسز سے ڈرائنگ روم کو بھردیں بلکہ تھوڑے سے شوپیسز علیحدہ بھی رکھ دیں اور کچھ دنوں کےبعد انہیں تبدیلی کیلئے ڈرائنگ روم میں رکھ دیں جبکہ پہلے والے سٹور میں رکھ دیں‘ اس طرح آپ کا ڈرائنگ روم مہمانوں کو اچھا تاثر دے گا۔

تازہ ترین