• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی بے یقینی کے باعث راولپنڈی کے میگا پراجیکٹس کھٹائی کا شکار

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)نیب کے خوف اورسیاسی بے یقینی کے باعث راولپنڈی کے میگا پراجیکٹس کھٹائی کا شکار ہوگئے ہیں۔کیونکہ احد چیمہ کیس کے بعدپنجاب کی اعلی سطح کی بیوروکریسی منصوبہ کی سرپرستی سے کنی کترانا شروع ہوگئی ہے۔پانی کی بڑھتی ہوئی شدید قلت کے باوجوددادوچھا ڈیم پر تاحال کام شروع نہیں ہوسکا ہے۔دادوچھا ڈیم منصوبہ کیلئے تقریبا 17ہزار کنال اراضی ایکوزیشن کیلئے فنڈز کا تاحال بندوبست نہیں ہوسکا ۔جس کے باعث ایکوزیشن کا کام رکا ہوا ہے۔ایسی ہی صورتحال رنگ روڈ منصوبہ کی ہے۔جس کی لینڈ ایکوزیشن کیلئے محکمہ مال کا ہونے والا اجلاس التوا کا شکار ہورہا ہے۔اسلام آباد راولپنڈی کے درمیان ڈبل روڈ اور آئی جے پی روڈ کو ملانےوالے چوک کو سگنل فری کرنے کے منصوبہ کے ساتھ ساتھ مری روڈ پر ٹریفک بہائو کو درست کرنے کیلئے لیاقت باغ اور مریڑ چوک کو سگنل فری کرنے کا کام بھی رکا ہوا ہے ۔640میگا واٹ کےآذاد پتن ہائیڈل پاور پراجیکٹ کا بھی افتتاح نہیں ہوسکا ۔جبکہ اس کے علاوہ بھی کئی منصوبے پائپ لائن یا گرائونڈ پر ہیں لیکن ان کی رفتار سست ہوچکی ہے ۔ادھر ذرائع کا دعوی ہے کہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن ندیم اسلم چوہدری کو رنگ روڈ منصوبہ کا پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی بنایا جارہا ہے۔ انہیں قبل ازیں مری یونیورسٹی کا پی ڈی بنایا گیا ہےلیکن انہوں نے اس سےمعذرت کرلی ہے۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن کے رنگ روڈ منصوبہ کے حوالے سے بھی اسی قسم کے فیصلے کا امکان نظر آرہا ہے۔
تازہ ترین