پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ وزیراعظم کا چیئرمین سینیٹ سے متعلق بیان افسوس ناک ہے، انہیں یہ بیان واپس لینا چاہیے۔
ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کوچیئرمین سینیٹ کےانتخاب پر اعتراض ہےتووہ اس انتخاب کوچیلنج کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں خرید و فروخت ہوئی ہے تو الیکشن کمیشن کو ثبوت فراہم کیے جائیں،ہم نے 2013ء کے انتخابات سے سیکھا ہے اور مناسب تیاری بھی کر رہے ہیں۔
شاہ محمود کا کہنا ہے کہ نے کہا کہ امید ہے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر ایسے نگران وزیراعظم کا انتخاب کریں گے جس پر سب کو اعتماد ہو۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ لوڈ شیڈنگ ختم کر دی، اب حکومتی دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے۔
ملالہ یوسف زئی کی پاکستان آمد کے حوالے سے شاہ محمود نے کہا کہ ملالہ پاکستان کا فخر ہیں، انہیں پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روپے کی قدرکم ہونے سے مہنگائی کے طوفان کی آمد آمد ہے، امریکا میں وزیراعظم کی سیکیورٹی چیکنگ کی مذمت کرتا ہوں۔
شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کہتے رہےمعیشت مستحکم ہو رہی ہے ،ملک دیوالیہ کے قریب ہے۔