کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے انتخابات کے لئے کلبوں کی اسکروٹنی، ڈسٹرکٹ اور صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنوں کے انتخابات کے مراحل یکم مئی سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے انتخابات ہوں گے، بعد ازاں ڈویژنل اور صوبائی سطح کے الیکشن کے ذریعے عہدیداروں کا چنا کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی سطح تک الیکشن کا مرحلہ مئی تک مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد مئی کے آخر میں فیڈریشن کے انتخابات ہوں گے، خواتین ونگ ختم کر کے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں خواتین کی 20 فیصد نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس فیصلے کے بعد اب قومی خواتین ہاکی ٹیم پلیئرز کو قومی اور انٹرنیشنل سطح کے ایونٹس میں کھل کر صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا جبکہ فیڈریشن کے بڑے فیصلوں میں خواتین عہدیداروں کی تجاویز کوبھی کلیدی حیثیت ہوگی۔