کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری سے متعلق سماعت آئندہ سیشن تک ملتوی کردی ہے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے روبرو انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری سے متعلق سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے میرے بعد میری بیٹی فاطمہ ثاقب نثار نے بھی بعد از مرگ اعضاء عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم اقبال حیدر نے اعضاء عطیات کرنے کا اعلان کیا تو کافی شور ہوا،میرے اعلان پر کوئی شور نہیں ہوا اس کا مطلب لوگوں میں شعور بیدار ہوچکا ہے۔ ڈاکٹر ادیب رضوی کی کمیٹی کی جانب سے منیر اے ملک پیش ہوئے۔ منیر ملک نے کہا کہ ابھی سفارشات مرتب نہیں ہوسکیں۔ انسانی اعضاء کی غیر قانونی روک تھام اور قوانین کے لیے کانفرنس کی جا رہی ہے۔ کانفرنس کے بعد سفارشات مرتب کرکے عدالت میں پیش کردی جائے گی۔