• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت فنانس بل میں فلمی صنعت کیلئے مثالی پیکیج دیگی،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی،کامرس رپورٹر)وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت فنانس بل 2018میں فلمی صنعت کے لئے مثالی پیکیج دے گی، پہلی فلم پالیسی میں فلم کوباقاعدہ صنعت کا درجہ دیا ہے‘ سابق وزیراعظم نواز شریف کے ویژن کے تحت پاکستان میں کھیلوں کے میدان آباد ‘ کلچرل سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں ‘ جلد پاکستان کی فلمی صنعت خطے میں بڑی اورابھرتی ہوئی صنعت بنے گی،فلمی صنعت کی بحالی سے قومی ورثہ ‘ثقافت ‘پاکستان کی خوبصورتی کو فروغ ملے گا،وہ کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول سے خطاب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کر رہیں تھیں، مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان انٹر نیشنل فلم فیسیٹول پاکستان کے لئے ایک بہت بڑی خوشخبری ہے،فیسٹیول ایک اچھے وقت میں منعقد ہو رہا ہے ‘یہ وہ وقت ہے جب پاکستان کی فلمی صنعت بحالی کی جانب گامزن ہے، فلم پالیسی میں دی گئی مراعات سے فلمی صنعت کومزید تقویت ملے گی‘ آنے والے وقت میں ہماری فلم انڈسٹری بہت بہتر مقام پر ہوگی، تمام صوبوں میں خودمختار حکومتیں ہیں، صوبے ثفاقت ‘فلم انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ تقویت دیں، مریم اورنگزیب نے کہا کہ شنگھائی اور بیجنگ فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلموں کی نمائش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فلم پالیسی صرف ایک دستاویز نہیں بلکہ اس میں فلم کو باقاعدہ صنعت کا درجہ ‘ مالی مراعات ‘ٹیکس چھوٹ دی ‘فلم فنانس فنڈ کا قیام ‘فلم اکیڈمی ‘فلم سٹودیوز ‘فلمی آلات کی درآمدپر ٹیکسز کی چھوٹ شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بالخصوص کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اس بات کی ضمانت ہے کہ پاکستان میں امن لوٹ آیا ہے ‘کھلاڑیوں ‘فنکاروں اور ہر شعبے کو جائز مقام اور عزت مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فنکار پاکستان کا چہرہ ہیں ‘ وہ قومی ورثہ ‘ثقافت اور زبان کوتقویت دینے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں فلم ایوارڈ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ثقافت اور ورثے سے جڑے رہنا چاہیے۔بعدازاں " کلرز آف دیوسائی" کے عنوان سے دیوسائی کی تصویری کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کا کارپوریٹ شعبہ پاکستان کا امیج بہتر کرنے اور سماجی ذمہ داری میں اہم کردار ادا کررہا ہے، مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان مختلف ماحولیاتی نظام کا حامل خوبصورت ملک ہے ، سکردوکی برف پوش پہاڑوں سے لے کر ساحل سمند ر تک قدرت نے بے پناہ خوبصورتی سے نوازا ہے ، ضرورت اس امرکی ہےکہ ہم اس قدرتی خوبصورتی کا تحفظ کریں ، پاکستان کی اس خوبصورتی کو کتابوں کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلایا سکتا ہے ، یہ کتاب بیرون ملک سیاحوں کو پاکستان کی جانب راغب کرے گی ، یہ کتاب پاکستان کے تمام ائر پورٹس پر رکھی جانی چاہئے اس کے علاوہ سکولوں ، کالجوں او ریونیورسٹیوں کی لائبریریوں میں یہ کتاب ہونی چاہئے ، انہوں نے کتاب کے مصنفین اور اینگرو کو پاکستان کی خوبصورت سرزمین اجاگر کرنے پر مبارک باد دی،کتاب کے مصنف عارف امین نے کہا کہ کتاب میں نہ صرف خطہ دیوسائی کی خوبصورت تصاویر ہیں بلکہ یہ اس علاقے کا ماحولیاتی نظام سے بھی روشناس کراتی ہے، میرے ساتھ غلام رسول اور پوری ٹیم نے بہت زیادہ کام کیا ہے ، ہالینڈ کی سفیر نے کہا کہ پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے ، اس کتاب سے دیوسائی کی خوبصورتی دنیا کے سامنے آئیگی ،اینگرو فوڈ کے سی ای اوعلی احمد خان ، جی ایم ریحان سعید نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین