سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کہتی ہیں کہ میرے والدین کی شادی کے ماشاءاللہ 47سال مکمل ہوگئے، دونوں نے ایک دوسرے سے دور ہونے کی وجہ سے الگ الگ شادی کی سالگرہ منائی۔
احتساب عدالت میں پیشی کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد روانگی کے لیے سابق نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اپنے گھر سے ایئرپورٹ پہنچے۔
اس موقع پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ والد اور والدہ دونوں کے دل قربت اور دوری،صحت و بیماری میں بھی ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ والدہ نے بستر پر بیٹھے بیٹھے کیک کاٹا،کیک کی تصویر کے ساتھ والدہ نے پیغام بھی بھیجا ہے کہ ’’انشاء اللہ ہم جلد ساتھ ہوں گے‘‘۔
بعد ازاں موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ منسوخ ہوجانے کی وجہ سے نواز شریف اور مریم نواز کو ایئرپورٹ سے واپس گھر جانا پڑ گیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔