سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اب کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینی،نوازشریف کے سوا کسی سے کچھ نہیں پوچھا جارہا ہے۔
فیصل آباد کی تحصیل سمندری میں جلسہ عام سے خطاب میں مریم نواز شریف نے کہا کہ کروڑوں ووٹوں سے منتخب وزیراعظم کو اس تنخواہ پر نکال دیا جو کبھی ہاتھ میں ہی نہیں آئی، ووٹ کو عزت دلانے کی ذمہ داری اب عوام نے لے لی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات لگائے گئے لیکن وزیراعظم کی نااہلی اقامہ پر ہوئی،کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ جس کا وجود ہی نہ ہو اور اسے ڈکلیئر بھی کیا جائے ؟
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ ووٹ کی عزت اصل میں عوام کی عزت ہے، ان کا زورعوام کےووٹ کی پرچی اورعوامی نمائندوں پر چلا ہے ، ووٹ کی بےحرمتی کرنیوالوں کو بتا دیناکہ 2018میں ایسانہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دھرنے،الزامات، سازشوں کےباوجودنوازشریف نے5سال کام کیا،دہشت گردی اورلوڈشیڈنگ ختم کی۔
مریم نواز شریف کا کہناتھاکہ یہ فیصلہ کسی کابھی نہیں ہونا چاہیے کہ آیندہ انتخابات میں کون آئیگا اور کون جائیگا،یہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کا فیصلہ ہوناچاہیےکہ کون آئیگا اور کون نہیں۔