پشاور (نمائندہ جنگ)پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس بھیجنے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوہاٹ احمد سلطان ترین کو فوری طور پرمعطل کرکے پشاور ہائی کورٹ میں او ایس ڈی بنانےکے احکامات جاری کردیئے ہیں اسی طرح پشاور ہائی کورٹ میں تعینات او ایس ڈی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عظیم آفریدی کوبھی فوری طور پر معطل کردیاگیا ہے‘ پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری2 مختلف اعلامیوں کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوہاٹ احمد سلطان ترین کو ابتدائی طور پر معطل کرکے او ایس ڈیبنادیا گیا ہے یاد رہے کہ احمد سلطان ترین نے گزشتہ روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کیخلاف سپریم جوڈیشل میں ریفرنس بھیجا تھا ۔اسی طرح دوسرے جج عظیم آفرید ی جو گریڈ 21 کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہیں کو ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2011 ء کے تحت معطل کردیا گیاہے‘ واضح رہے کہ ‘ اسی طرح عظیم آفریدی نے چند روز قبل ملک بھر کی اعلیٰ عدلیہ کے ججز کیخلاف ریفرنسز سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیجے تھے جس میں ان کی تقرری کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے ۔