راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)آئندہ عام انتخابات کیلئے ضلع راولپنڈی میں انتخابی عملہ کی تربیت کیلئے52ماسٹر ٹرینرز تیار کئے جائیں گے۔جو تحصیل سطح پر جاکر لوگوں کو تربیت دیں گے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل کی زیر صدارت اجلاس میں بتایاگیا کہ ماسٹر ٹرینرز میں17خواتین اور35مرد شامل ہوں گے۔اجلاس میں آئندہ انتخابات کے سلسلے میں پولنگ اسٹیشنز اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔ ادھر ووٹر لسٹوں کے لئے قائم ڈسپلے سنٹرز کی مانیٹرنگ کیلئے الیکشن کمیشن کی ٹیمیں دورے کررہی ہیں۔ووٹ اندراج یا تصیح کی آخری تاریخ24اپریل ہے۔عوام ضلع بھر میں قائم 274ڈسپلے سنٹرز میں اپنے ووٹ کے درست اندراج کی تصدیق یااس میں رد وبدل کروا سکتے ہیں۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی ذرائع نےبتایاکہ ضلع راولپنڈی میں ابتدائی ووٹرز فہرستیں 274ڈسپلے سنٹرز پر آویزاں کر دی گئی ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ ووٹ منتقلی کے لیے فارم 15،فہرست سے نام کے اخراج کے لیے فارم16جبکہ کوائف کی درستگی کے لیے فارم 17تمام ڈسپلے سنٹرز سے یا الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکتے ہیں ۔ ووٹ کے اندراج سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8300 پر SMS کریں الیکشن کمیشن کی طرف سے آپکو اپکا ووٹنگ ایریا پتا چل جائے گا۔ راول ٹاؤن ،راولپنڈی کینٹ ،چکلالہ کینٹ ،پوٹھوہار ٹاؤن کے سرکاری سکولوں اور اہم مقامات پر ڈسپلے سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں سے شہری اپنے ووٹ کے درست اندراج کی تصدیق کرسکتے ہیں ۔