گولڈ کوسٹ ( نمائندہ خصوصی) قومی ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں اپنی مہم کا آغاز کامیابی سے نہ کرسکی، اپنے پہلے میچ میں وہ ویلز کی ٹیم کے خلاف میچ کو جیتنے میں ناکام رہی، پاکستانی کھلاڑی جب میدان سے باہر آئے تو ان کے اکائونٹ میں برابری کا ایک پوائنٹ تھا۔ پاکستانی ٹیم نے کرارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گول کے کئی مواقع بھی ضائع کئے۔ پاکستان کی جانب سے تیسرے کوارٹر میں مبشر علی نے پنالٹی کارنر پر گول اسکور کر کے ویلز کی برتری کا خاتمہ کیا جو اس نے روپرٹ شیپرلے کے گول کی مدد سے حاصل کی تھی۔ میچ کے بعد پاکستانی ٹیم کےکپتان رضوان سینئر نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی رہی، مقابلہ برابر ہونے سے ہم ناکامی سے بچ گئے۔ اگلے میچ میں ہفتے کو بھارت کے خلاف جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ادھر خواتین ہاکی میں ویلز نے بھارت کو2-3 سے، نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو1-6 سے، انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو0- 2سے اور آسٹریلیا نے کینیڈا کو0-1سے ہرایا۔