کالے ہرن کے شکار کے الزام میں سزا پانے والے بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان نےجیل میں ملنے والی دال روٹی کھانے سے انکار کردیا تاہم انہوں نے باہر سے بھی من پسند کھانا منگوانے کی فرمائش نہیں کی، شاید وہ اب تک بھوکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 20 سال پرانے کیس میں 5 سال قید کی سزا پانے والے بھارتی سپر اسٹار دبنگ خان نے گزشتہ رات مغربی بھارت کی ریاست راجستھان کی جودھ پور میں واقع جیل میں قیدی نمبر 106کے طور پرگزاری، جیل میں ان کی حفاظت کے لئے ان کے ذاتی محافظ موجود تھے۔
جیل سپر انٹنڈنٹ وکرم سنگھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان کو سزا سنانے کے بعد عدالت سے وارڈ نمبر2میں لایا گیا جوکہ آشا رام باپوجی (آسومل سیروملانی)کے وارڈ کے ساتھ واقع ہے،آشام رام باپوجی ، ہندومذہبی پیشوا ہیں اور وہ ایک کمسن لڑکی سے جبری زیادتی کے کیس میں2013 سے قید ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سلمان خان کو جب جیل لایا گیا تو ان کا بلڈ پریشر کچھ بڑھا ہوا تھا مگر کچھ دیر بعد چیک کیا گیا تو ان کا بی پی نارمل دیکھا گیا تاہم انہیںجیل جانے کا صدمہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سلمان خان کو عام قیدیوں کی طرح رکھا جائے گا ، صرف وقتی طور پر ان کے کپڑے انہیں دے دیئے گئے مگر آج سے انہیں قیدیوں کا لباس ہی پہننا پڑے گا۔اس کے علاوہ ان کے سیل میں ایک سادہ لکڑی کا بستر، ایک بچھونا، چار کمبل اور ٹھنڈے پانی کا کولر مہیا کیا گیا ہے۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ سلمان خان نے اب تک کچھ کھایا تو انہوں نے بتایا کہ سلمان خان کو رات میں دال چپاتی دی گئی تھی اور صبح ان کے لئے کھچڑی بھیجی جائے گی جو انہیں جیل کے برتنوں میں ہی کھانی پڑے گی۔
دبنگ خان کی سیکیورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئےپولیس حکام کا کہنا ہے کہ سلمان خان کو بھارت کے سرگرم گینگسٹر کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا ہے۔سلمان خان کو آج محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا۔
واضح رہے واضح رہے سلمان خان پر الزام تھا کہ انہوں نے 20سال قبل بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے جودھ پور میں فلم ’’ہم تم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ کی شوٹنگ کے دوران نایاب کالے ہرنوں کا شکار کیا تھا۔ اس موقع پر ان کی گاڑی میں ساتھ اداکار سیف علی خان، نیلم ، سونالی باندرے اور تبو بھی موجود تھے تاہم عدالت کی جانب سے عدم ثبوت کی بنا پر انہیں بری کر دیا گیا۔