اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے ہماری کاررکردگی دیکھتے ہوئے عوام آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کوووٹ دینگے، عمران اناڑی ڈرائیور ،قوم آزما نے کا خطرہ مول نہیں لے سکتی ،وژن 2025 پر عملدرآمدسے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ،سیاسی نہیں اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے،کتاب میلہ کے موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم وژن 2025 پر عمل کر رہے ہیں جسکے باعث ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، ہمیں پالیسیوں کے تسلسل کو قائم رکھنا ہے، احسن اقبال نے کہا وزیراعظم نے دورہ کابل کے دوران افغان قیادت پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کا خواہاں ہے، دورے کے دور رس نتائج نکلیں گے، عمران خان ایک اناڑی ڈرائیور ہے جس نے زندگی میں بلدیاتی عہدہ بھی نہیں چلایا قوم اناڑی آزما نے کا خطرہ مول نہیں لے سکتی،ہمیں کسی سیاسی نہیں اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں شامل کیا جا سکے، انہوں نوجوانوں پر زور دیا وہ کتاب سے محبت کو زندگی کا شعار بنائیں ، کتاب سے دوستی کرنیوالی قومیں ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں، قبل ازیں وزیر داخلہ احسن اقبال نے سٹالوں کا معائنہ کیا اور مختلف کتابوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔