• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
چیف جسٹس کے منہ میں گھی شکر، سب آئین کی پاسداری کرینگے تولڑائی ختم، محمود اچکزئی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے بیانیے سے اظہار یکجہتی کیلئےدو قوم پرست جماعتوں کےسربراہان محمود اچکزئی اورحاصل بزنجو جمعہ کوپہلی بار احتساب عدالت پہنچے اور کمرہ عدالت میں نواز شریف کے دائیں اور بائیں بیٹھ کر یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ چیف جسٹس نے گزشتہ روز بڑے کام کی باتیں کی ہیں ،ان کے منہ میں گھی شکر لیکن اگر ہم سیاستدان ایسی بات کریں تو کہا جاتا ہے کہ آئین کو پامال کردیا گیا جب سب آئین کی پاسداری کریں گے تو لڑائی ختم ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ججزآرٹیکل 62اور63 کو چھیڑیں نہ اس پر فیصلہ دیں،ہم نہیں چاہتے کہ کل عدلیہ کے معیار پر سوالیہ نشان لگے۔انہوںنے کہا کہ میاں صاحب چھوٹے صوبوں کی حاکمیت چاہتے ہیں۔ نوازشریف روزعدالت میں پیش ہوتے ہیں، عدلیہ کو ان کے اس عمل کو سراہناچاہیے ،ایک ہفتے سے جوجرح چل رہی ہے، لگتا ہے کیس میں کچھ نہیں۔جبکہ نیشنل پارٹی کے حاصل بزنجونے کہاکہ ملک میں قانون کی بالادستی اور صوبوں کے حقوق کیلئے طویل جدوجہد کی گئی ہے، آج احتساب عدالت آنے کا بنیادی مقصد نواز شریف کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے،اس موقع پر مسلم لیگ ن کے نومنتخب سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ پاکستان متحدہے، نواز شریف کا بیانیہ قومی آواز بن چکا ہے،جبکہ کیپٹن صفدر نے کہا کہ دو بندوں سے اتنی گھبرائٹ کیوں ہے؟22کروڑ عوام نواز شریف کیساتھ ہیں۔ چاروں صوبے جاگ اٹھے ہیں۔

تازہ ترین