• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامن ویلتھ ہاکی ،پاکستان نے بھارتی فتوحات کو بریک لگادیا،سنسنی خیز میچ ڈرا

 گولڈ کوسٹ ( نصر اقبال/ نمائندہ خصوصی) کامن ویلتھ گیمز میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا ہاکی میچ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو ، دو گول سے برابر رہا۔ گرین شرٹس نے اختتام سے قبل صرف چند سیکنڈ قبل مبشر علی کے گول کی بدولت مقابلہ برابر کرکے حریف کی فتوحات کا تسلسل ختم کردیا۔ ایونٹ میں پاکستان نے اب تک دونوں میچز ڈرا کیے ہیں۔ جبکہ بھارت کا یہ پہلا میچ تھا۔ کرارا ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سے22ہزار سے زائد تماشائی موجود تھے جو آخری لمحے تک میچ سے لطف اندوز ہوئے۔ ابتدائی 30 منٹ بھارت کے نام رہے جس میں اس نے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے پاکستان کے خلاف برتری حاصل کر لی، تاہم میچ کے آخری نصف گھنٹے میں پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کیا اور دو گول کر ڈالے۔ پاکستانی ٹیم نے دو گول کے خسارے میں جانے کے باوجود آخری لمحات میں پنالٹی کارنر پر مبشر علی کے خوبصورت گول سے میچ کو برابر کردیا، پاکستانی ٹیم پہلے دو کوارٹر میں دبائو میں نظر آئی، تیسرے کوارٹر میں اس کے کھلاڑیوں نے جم کر حریف کے گول پر حملے کئے اس دوران پاکستان نے گول کے دو مواقع بھی ضائع کئے، جبکہ دو پنالٹی کارنر سے بھی اس کے کھلاڑی فائدہ نہیں اٹھاسکے، بھارت نے پہلے کوارٹر میں 13ویں منٹ میں دلپریت سنگھ کے فیلڈ گول سے بر تری حاصل کر لی۔ سات منٹ بعد ہی بھارت کے ہر من پریت سنگھ نے پنالٹی کار نر پر گول بناکر پاکستان کے ڈریسنگ روم میں اداسی پھیلادی، دو گول کے خسارے میں جانے کے باوجود پاکستان کھلاڑی دبائو میں نہیں آئے، تیسرے کوراٹر میں پاکستانی کھلاریوں نے ہم آہنگی اور باڈی داج کا دلکش مظاہر کیا اور 39منٹ میں محمد عرفان جونیئر نے فیلڈ گول بناکر ایک گول کا خسارہ کم کردیا۔ آخری کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑی چڑھ کر کھیلے اور انہوں نے بھارت کے ہاف میں پریشر بڑھادیا، پاکستان نے آخری منٹ میں ریو پر دو مسلسل پنالٹی کارنر حاصل کئے جس پر مبشر علی نے گول بناکر میچ کو برابر کردیا۔ پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کو چ رولینٹ اولٹیمنز نے کہا کہ بھارت کے خلاف اہم میچ ڈرا کیا ہے، کھلاڑیوں نے دبائو میں آئے بغیر میچ برابرکیا، ماضی کے مقابلے میں یہ اچھی تبدیلی ہے، انگلینڈ کے خلاف اگلے میچ میں بھی بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کریں گے، بھارتی کوچ میری جینز نے کہا کہ ہمیں جیت کی امید تھی، جیتا ہوا میچ برابر کیا ہے۔ خیال رہے کہ بھارت کے خلاف مسلسل 7 میچز میں شکست کے بعد پاکستان کامن ویلتھ گیم میں مقابلہ برابر کرنے میں کامیاب ہوا۔
تازہ ترین