• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشیروں سے مشورہ ضروری لیکن اپنے دل کی بات مانیں

مشیروں سے مشورہ ضروری لیکن اپنے دل کی بات مانیں

ورجن کی تمام مصنوعات کے لیے اسٹریلیا ایک قدرتی مارکیٹ ہے ۔ اسٹریلوی شہریوں میں وہ حس ِ مزاح اور کاروباری جذبہ پایا جاتاہے جو میری کمپنیوں کو تحریک دیتا ہے ۔ قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے لے کر ڈیزائن تک، اسٹریلوی شہری ہر قسم کی جدت میں دلچسپی لیتے ہیں۔ یہاں کچھ اسٹریلوی افراد کے پوچھے گئے سوات اور اُن کے جوابات پیش کررہا ہوں۔

سوال : میں اپنا بنکنگ کا موجود ہ کیئریر چھوڑ کر ایک پرسنل ٹرینر بننے کے ذاتی بزنس کے خواب کو عملی شکل دینے کا حوصلہ نہیں رکھتا ہوں۔ مجھ میں اعتماد کا فقدان ہے ۔ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ مجھے اپنا بنکنگ کیئریر جاری رکھنا چاہیے ، اور پھر میں اس سے کسی قدر لطف اندوز بھی ہورہا ہوں؟ لیکن میرا حقیقی شوق ایک پرسنل ٹرینرکے طور پر بزنس کرنے کا ہے ۔ کیا مجھے جرات آزمائی کرنی چاہیے ؟

جواب: جب آپ کسی کاروباری میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو آپ کو خوف وخدشات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ ایک قدرتی بات ہے ۔ میں خود بھی کسی شعبے میں سرمایہ کاری کرتے وقت کئی مرتبہ ہچکچاہٹ کا شکار ہوا ہوں، حالانکہ میری ٹیم نے گرین سگنل دے دیا تھا او ر میں آگے بڑھنے کا ارادہ کرچکا تھا۔ میں خوش قسمت ہوں کہ میں دوستوں اور مشیروں کا وسیع حلقہ رکھتا ہوں۔ میں اکثر اپنے خیالات اُن کے سامنے رکھتااور ان کی جانچ کرتا ہوں۔

اگر آپ کو یقین ہے کہ آپ پرسنل ٹرینر کے طور پر کامیاب ہوسکتے ہوں تو پہلے ایک چھوٹا سا پلان بنائیں اور دیکھیں کہ یہ اس شعبے میں موجود دوسرے منصوبوںسے کس طرح مختلف ہے ۔ اپنے طریق ِکار اور گاہکوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کا جائزہ لیں۔ اپنے چند ایک قابل ِ اعتماد دوستوںکے سامنے اس منصوبے کو زیر ِ بحث لائیں(اس بات کا خیال رکھیں کہ لوگوں سے انفرادی سطح پر بات کریں، نہ کہ ایک گروپ کے طور پر)۔ ان سے ملنے والی فیڈبیک آپ کو کاروبار ، چاہے چھوٹا ہو یا بڑا، شروع کرنے سے پہلے کافی اچھی رہنمائی فراہم کرتی ہے ۔

ایک سے زیادہ امکانات کے بارے میں جانے بغیر میں کوئی فیصلہ کرنا ممکن نہیں سمجھتا۔ لیکن مشاورت کی اہمیت ایک طرف، میں یہاں ایک بات ضرور کہنا چاہوں گا کہ میں کسی کام کو شروع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتاہوں تو سب سے بڑی مشیر میر ے اپنے دل کی آواز ہوتی ہے ۔ آپ کا دل کیا کہتا ہے ؟اگر آپ اس میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کرچکے ہیں تو مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔ زیادہ تر کاروباری افراد پہلی کوشش میں ناکام ہوجاتے ہیں۔ وہ مارکیٹ میں کوئی اثر نہیں چھوڑ پاتے۔ بعض افراد بمشکل ہی اپنا بچائو کرپاتے ہیں۔ یہ تمام خدشات اپنی جگہ ہمیشہ موجود رہیں گے۔ اگر آپ یہ کام کرنے کا جذبہ رکھتے ہیںتو ان خدشات کو ایک طرف رکھیں اور قدم اٹھائیں۔

سوال : کیا آپ کمپنی کے اس تصور پر یقین رکھتے ہیں کہ ملازمین کو اُن کی مرضی کرنے دی جائے ، یا پھر اُنہیں پابند کیا جائے ؟

جواب : یہ بہت عمدہ سوال ہے ، کیونکہ اس کا تعلق اس تصور سے ہے جو ایک کمپنی کو اچھا اور عظیم بننے سے متعلق ہے ۔ مجھے بہت عرصہ پہلے یہ احساس ہونا شروع ہوگیا تھا کہ ایک کاروبار اُس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتا جب تک اس کے سٹاف، ماحول اور گاہکوں پر توجہ نہ دی جائے۔ ہوسکتا ہے کہ کوئی بزنس ان لوازمات کے بغیربھی منافع دے ، لیکن مجھے شک ہے کہ یہ مختصر وقت کے لیے ہوگا۔

مسابقت کی مارکیٹ میںفعال، موثر اور منافع بخش ہونا ہر کمپنی کا ہدف ہوتاہے ، لیکن ذمہ داری اور احسن طریقے سے کاروبار کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا اس سے نفع کمانا۔ یہ وہ مرحلہ ہے جہاں اس میں کام کرنے والے ملازمین کا کردار اہمیت اختیار کرجاتا ہے ۔ یہ مقصد اُسی وقت حاصل کیا جاسکتا ہے جب وہ فعال رہتے ہوئے بھرپور صلاحیتوں کے مطابق کام کریں۔ آپ کو اُن پر رقم خرچ کرنا پڑے گی ۔ لیکن یہ رقم ضائع نہیں جائے گی۔ ان کی زیادہ محنت اور توجہ کے نتیجے میں آپ کا کاروبار فروغ پذیر ہوگا اور آپ زیادہ نفع کمائیں گے ۔

سوال : ایک ستائیس سالہ بزنس کے خواہش مند شخص کے لیے آپ کے پاس کیا سنہری نصیحت ہے ؟

جواب: اپنے دل کی آواز سنیں۔ سنہری آواز دل سے آتی ہے۔ آپ وہ کام کریں جس کا آپ کو اشتیاق ہو۔ ورجن بزنس نے کئی برسوں سے اس تصور کو اپنا سنہری اصول بنا رکھا ہے ۔ ہم اُس تصور پر کام کرتے ہیں جس کا ہماری ٹیم کو اشتیاق ہو، اوروہ اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہو۔ ہماری فروخت کا گراف بعد میں ہمارے اس نکتے کو درست ثابت کرتا ہے ۔ ورجن اٹلانٹک، ورجن ایکٹو اور ورجن موبائل کو شروع کرتے وقت مجھے یاد ہے کہ ہم نے اس بات کو دھیان میں رکھا کہ ان کی سروس کسٹمرز کو کیسے لطف فراہم کرسکتی ہے ۔ ورجن اٹلانٹک کے کیس میں ہم نے بہترین سروسز فراہم کرنے کی ٹھانی۔ اس کا مطلب سروسز میں کچھ جدت لانا تھا۔ ہم نے نشستوں کے پیچھے ٹی وی سکرین نصب کردیں، اور دوران ِ پرواز پیغام رسانی کی سہولت فراہم کی ۔ ورجن ایکٹو میں ہم نے میں سوئمنگ پول اور بہترین توجہ دینے والا سٹاف فراہم کیا۔ ورجن موبائل نے ایسی سروس فراہم کی جس میں صارفین کو سائن اپ کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ وہ براہ راست لنک کے ذریعے موسیقی اور تفریح سے لطف اٹھا سکتے تھے ۔

سوال : ورجن اٹلانٹک ٹیکنکل سٹاف کی مہارت کی بہترین مثال ہے ، لیکن یہ سٹاف پس ِ پردہ کام کرتا ہے ۔ کچھ سٹاف سامنے ہوتا ہے۔ آپ ایسے ملازمین کے کردار اور ذمہ داریوں میں کیسے ہم آہنگی پیدا کرتے ہیں؟

جواب : میں نے جو بھی کام شروع کیا ہے، اس میں پہلے سے موجود دانائی سے ضرور استفادہ کیا ہے ۔ میں اپنے سی ای اوز اور دیگر اسٹاف سے بھی ایسا کرنے کا کہتا ہوں۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ہماری ایئرلائن ، ہمارا شوفر، ہمارا ایئرپورٹ لائونج اور دوران ِفلائٹ پیش کی جانے والی آئس کریم،سب کچھ دوسروںسے مختلف ہوتا ہے ۔ جدت کے یہ تمام تصورات ہم مارکیٹ ،اور اس کی ضروریات سے لیتے ہیں۔اس جدت کے لیے ہمارا تمام اسٹاف، چاہے وہ ٹیکنیکل ہو یافرنٹ ڈیسک، سرگرم ِعمل رہتا ہے ۔

© 2018 رچرڈ برنسن (نیویارک ٹائمز سنڈیکٹ کا تقسیم کردہ) 

تازہ ترین