• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگراں وزیراعظم پرہی آئندہ الیکشن منحصر ہو گا، خورشید شاہ

نگراں وزیراعظم پرہی آئندہ الیکشن منحصر ہو گا، خورشید شاہ

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن نگراں وزیراعظم پر منحصر ہو گا جبکہ نگراں سیٹ اپ سےمتعلق وزیراعظم سے 11اپریل کو ملاقات ہوگی۔

خورشید شا ہ کا مزید کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے نگراں وزیراعظم کے لیے ابھی تک کوئی نام فائنل نہیں کیا ،اس معاملے پر پارٹی کی میٹنگ جلدہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک اپوزیشن کےاتحادیوں نےنگراں وزیراعظم کے لیے کوئی نام نہیں دیا تاہم حکومت کو بھی مشورہ ہے کہ اگر انہوں نے کسی کا نام سوچ لیا ہے تو اسے ابھی اپنے پاس رکھیں۔

قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ پارٹی اجلاس کےبعد نگران وزیراعظم کانام سامنےلائیں گے، کوشش ہے کہ بہتر سے بہتر نگراں وزیراعظم لائیں۔

خورشیدشاہ کا مزید کہنا ہے کہ نوازشریف بینظیر بھٹو کی وجہ سے10  سال کی جلاوطنی ختم کر کے پاکستان آئے، نئےاسلام آباد ائیرپورٹ کو بے نظیر کے نام سے منسوب کرنا چاہیے اور اگر ایئرپورٹ کا نام بے نظیر بھٹو سے منسوب نہ کیا گیا تو اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 2013ء کا الیکشن آر او الیکشن کہہ کرتسلیم کیا، 2014ء میں پارلیمنٹ پر یلغار کے موقع پر ہم آگے کھڑے ہوئے۔

وزیراعظم چیئرمین سینیٹ کو نہیں مانتے تو وہ پارلیمنٹ کو نہیں مانتے، سیاستدانوں کو پارلیمنٹ کا احترام کرنا چاہیے،جب وہ خود احترام نہیں کرتے تو عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ کو احترام کا کیسے کہیں گے۔

قائدحزب اختلاف کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ اپنی احتساب کمیٹی بنائے، وہ سب سےبڑی کمیٹی ثابت ہوگی جوسیاستدانوں کا احتساب کرےگی۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کا احترام کرکےکامیاب جمہوریت چلائی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین