• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئین شکن مکے لہراتے باہر چلے جائیں، کیا ہمیں یوم دستورمنانے کاحق ہے؟مریم نواز

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ جب آئین شکن قانون سے بالاتر ہوکر مکے لہراتے ہوئے بیرون ملک چلے جائیں،آئین ساز پھانسی، جلاوطنی، نااہلی کی سزائوں اورانتقام کا نشانہ بنیں توکیا ہمیں یوم دستور منانے کا حق ہے؟ہر10سال بعد سزائیں گھوم کر ہماری طرف کیوں آجاتی ہیں اور اس طرح کے فیصلے ملک میں انتشار لانے کا سبب بنتے ہیںٹرائل ہوا مگر کرپشن کا ایک ٹکڑا تک نہ مل سکا۔منگل کو احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو اور یوم دستور پر سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے پیغام میں سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ عمران اور زرداری کی طرح جو کام نہیں کرتے انہیں کچھ نہیں کہتے، جو ترقیاتی کام کرتے ہیں ان کو پیشیاں بھگتنا پڑتی ہیں۔نیلم جہلم 2004 میں مکمل ہونا تھا لیکن 2013 تک نہ ہوا، ہم نے آ کر مکمل کیا۔ نواز شریف بھی اگر ملک کے لئے کچھ نہ کرتے اور کسی کے اشارے پر چلتے تو سکون سے پانچ سال گزارتے تو شاید پھر ایسا نہیں ہوتا لیکن یہاں ہر 10سال بعد معاملہ گھوم پھر کر نواز شریف کی طرف ہی آجاتا ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ ایک کے بعد ایک ٹرائل ہوا ، پھر بھی کرپشن کا ایک ٹکڑا تک نہیں مل سکا ، دیکھیں کن بنیادوں پر وزیراعظم کو نااہل کیا گیا ہے۔ یوم دستور پر آئین کی بالادستی برقرار رکھنے کی روایتی باتوں کے بجائے آئین کی بالادستی قائم کرنے کا عہد ہونا چاہیے ۔احتساب عدالت سے روانگی کے موقع پر جب ایک صحافی نےمریم نوازسےسوال کیا کہ کیا واقعی جنوبی پنجاب میں صوبے کی ضرورت ہے جس پرمریم نواز نے کہا کہ بلوچستان کی محرومیاں دور کرنے کے بعد اب جنوبی پنجاب کی باری ہے۔
تازہ ترین