برمنگھم(ابرار مغل)چوہدری رحمت علی سوسائٹی کے زیراہتمام ماہانہ اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ لفظ پاکستان کے خالق اور تحریک پاکستان کے رہنماچوہدری رحمت علی مرحوم کا جسد خاکی کیمبرج سے پاکستان منتقل کرنے کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ہماری تجویزوں اور پیشکش کو قبول کرے تو چوہدری رحمت علی سوسائٹی اپنی مدد آپ کے تحت مرحوم چوہدری رحمت علی کے جسد خاکی کو کیمبرج سے پاکستان منتقل کرنے کو تیار ہے اس اس مد میں تمام اخراجات اور ضروری اقدامات بھی سوسائٹی کرنے کو رضامند ہے۔ اجلاس میں حکومت پاکستان کے ارباب اختیار کے نامناسب رویئے اور چوہدری رحمت عل سوسائٹی سے عدم تعاون پر اظہار افسوس بھی کیا گیا۔ ایک مراسلے کے ذریعے حکومت پاکستان سے لاہور کے یادگار باغ(مینار پاکستان) میں مزار چوہدری رحمت علی کیلئے جگہ دینے کا بھی مطالبہ کی گیا۔ سوسائٹی کے چیئرمین سید افضال علی شاہ نے کہا کہ لفظ پاکستان کے خالق اور قومی ہیرو کی برطانیہ میں قبر پاکستانیوں سے سوال کر رہی ہے کہ پاکستان کے لئے جدوجہد اور قربانیاں دینے والوں کے ساتھ ایسا بھی سلوک کیا جاتا ہے کہ وطن عزیز میں ان کی قبر کیلئے دو گز جگہ بھی نہیں ہے۔ اس اجلاس میں سمال ہیتھ کمیونٹی سینٹر کے چیئرمین چوہدری گلفام، صاحبزادہ سائیں محمد رزاق، بیرسٹر رشید مرزا، چوہدری اختر، حاجی محمد سردار، چوہدری غضنفر، مرزا عارف، مزمل بٹ، حاجی محمد اقبال سمیت سول سوسائٹی انٹرنیشنل کے مختلف رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ چوہدری گلفام اور دیگر نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ہماری تجویزوں پر سنجیدگی سے عمل کرکے اس قومی ہیرو اور لفظ پاکستان کے خالق چوہدری رحمت علی کے جسد خاکی کو پاکستان منتقل کرے۔ اس موقع پر سوسائٹی کی کارکردگی اور عوام کی آگاہی کیلئے ویب سائٹ لانچنگ کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ آخر میں پاکستان کے استحکام، سلامتی اور دفاع کیئے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔