• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ،سراج الحق

لاہور (این این آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور کشمیری عوام ابھی یا کبھی نہیں کے ماٹو پر میدان میں نکل آئی ہے، کشمیری روزانہ شہداء کا تازہ خون پیش کرکے تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں ان حالات میں حکومت پاکستان کا فرض ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرے ،حکومت کو کشمیر پر معذرت خواہانہ رویہ چھوڑنا اور بھارت کے ساتھ دوستی کے فریب سے باہر نکلنا ہوگا،حکومت اندرونی مسائل کی وجہ سے تحریک پر توجہ نہیں دے رہی،ہندوستان کی شکست نوشتہ دیوار ہے،کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے پاکستانی حکومت کو آگے بڑھ کر کشمیریوں کی مکمل سرپرستی کرنی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اسلام آباد میں کشمیر کے حوالے سے ہونے والے اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ مسئلہ کشمیر حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ضروری ہے جس کے لیے بین الاقوامی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستانی سفارتخانوں میں علیحدہ کشمیر ڈیسک قائم کیے جائیں اور ایک خصوصی نائب وزیر خارجہ مقرر کیاجائے جو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی رائے عامہ ہموارکرنے کا ذمہ دارہو۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کو امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ بنانے اور پوری اسلامی دنیا کی طرف سے اس کے حل کے لیے دبائو بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ فوری طور پر ا و آئی سی کااجلاس بلایا جائے اور پھر اس اجلاس کے بعد اسلامی ممالک کی طرف سے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی ریکوئزیشن پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ صرف کشمیر کی آزادی اور کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے کے ایجنڈے پر مذاکرات ہوسکتے ہیں جب تک حکومت بھارت کے ساتھ تجار ت اور ثقافتی طائفوں کے آنے جانے اور ایک دوسرے کے ساتھ پیارمحبت کی پینگیں بڑھانے کے فریب سے باہر نہیں نکلتی پاکستان کا کشمیر کے حوالے سے حقیقی موقف اور دبائو سامنے نہیں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی مودی سرکارکشمیر کی جدوجہد آزادی کو کچلنے کے لیے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہےجبکہ ہمارے حکمران آئے رو ز بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات بڑھانے کی باتیں کرکے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کرتے ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آزادی کشمیر کے لیے دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کو فعال بنایا اور مسئلے کے حل کے لیے مستقل روڈ میپ دیاجائے۔
تازہ ترین