چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے چیچہ وطنی کی 8 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا از خود نوٹس لے لیا۔
چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے نوٹس میڈیا رپورٹس پر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نور فاطمہ کو زیادتی کے بعد زندہ جلا دیا گیا تھا۔
بچی کے خاندان اور علاقہ مکینوں نے چیف جسٹس سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایت پر قائم کی گئی اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور اہل محلہ سے معلومات اکٹھی کیں جبکہ شک کی بنیاد پر گرفتار ملزم کی دکان کا بھی معائنہ کیا۔
واضح رہے کہ سالِ رواں جنوری میں پنجاب میں جڑانوالہ کے علاقے میں 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔