کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین پر لندن میں جاری منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کی پابندیوں کے خاتمہ اور فردجرم عائدنہ ہونے کے فیصلے کی خوشی میں ایم کیوایم کے تحت کراچی، حیدرآباد، سکھر،میرپورخاص،نوابشاہ سمیت اندرون سندھ ،صوبہ پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اورآزادکشمیر میں جشن کی تقریبات منعقد کی گئیں ،گلی گلی چراغاں کیا اور موٹر سائیکل ریلیاں نکالی گئیں۔اس جشن کا مرکزی اجتماع جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں فقید المثال انداز میں منعقد ہوا ۔ اس سلسلے میں کارکنان نے شہر بھر میںمختلف مقامات پر چراغاں کیا اور موٹر سائیکل ریلیاں نکالی ۔جشن کے سلسلے میں جناح گرائونڈ کو خوشنماں انداز میں تیار کیا گیا تھا جس میں شرکا ء کیلئے نشستوں کا اہتما م کیا گیا تھا اور پرچموں کے ذریعے خوبصورت پنڈال سجایاگیاجبکہ پنڈال کے سامنے ڈیجیٹل اسکرین خو بصورت انداز میں بنایا گیا تھا جس کے د ائیں اور بائیں جانب لطاف حسین کی مختلف انداز میں تصاویرآویزاں تھیں ،پنڈال میں صحافیوں کیلئے مخصوص نشستیں تیار کی گئی تھیں ،جبکہ میڈیکل ایڈ کمیٹی اور سوشل میڈیاکمیٹیوں کی جانب سے کیمپس بھی لگا ئے گئے تھے، اجتماع میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی سینئر ڈپٹی کنونیرعامر خان ،ڈپٹی کنونیر شاید پاشا ، کہف الوری ٰ،نسرین جلیل ، اراکین رابطہ کمیٹی، سینٹرل ایگز یکٹو کونسل کے انچارج و اراکین ،ایم کیوایم کے تنظیمی شعبہ جات کے ذمہ داران ،حق پرست اراکین اسمبلی، نامزدمیئرکراچی وسیم اختر، ڈپٹی مئیر ارشد وہرا، نو منتخب چیئر مین، وائس چیئرمین،یوسی کونسلرز ، کارکنان سمیت خواتین ، بچے ، بزرگ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور شہر بھر سے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر ملک کے معروف قوال امجد صابری،معروف گلوکار ارشد محمود ، احمد جہانزیب، شازیہ خشک، شبانہ کوثر ، شازیہ کوثر،مراد علی مراد ، خالد عمر ،صفدر ضیاء، سمیہ ناز،افتاب خان، شہزاد راہی،روز میری، منور فراز،امبر انصاری ، فریال خان،معروف کامیڈین ، حنیف راجہ ،ذاکر مستانہ اور شکیل شاہ نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے شرکاء سئے خوب داد وصول کی،جناح گراؤنڈ عزیز آباد میںایم کیوایم کے تنظیمی نغمے اور ترانے بجائے گئے ۔ جشن کی تقریب میں خواتین نے ایم کیو ایم کے پرچم کے رنگ کے لباس زیب تن کئے ہوئے تھے جبکہ ہاتھوں میں پرچم کے رنگ سے مشابہت رکھنے والی چوڑیاں بھی پہنی ہوئی تھیں ۔جشن کی لمحہ بہ لمحہ کوریج ایم کیوا یم ویب ٹی وی کے ذریعے پوری دنیا میں براہ راست نشر ہوتی رہی۔ادھر بیلجئم میں بھی الطاف حسین کے خلاف برطانیہ میں منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کے خاتمے کی خوشی میں ایم کیو ایم بیلجیئم کے تحت مختلف مقامات پرشکرانہ کے نوافل ادا کئے گئے اورحق پرستی کی جدوجہدمیں تمام حق پرست شہداء کی ارواح کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعائیں کی گئیں جبکہ الطاف حسین کی صحت وتندرستی درازی عمر اور تحریک کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔جس میں ایم کیو ایم کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔